عباس لائن سے منسلک ذیلی سڑک پر شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر فوری طور پر حل کی جانب بڑھا جائے‘عبداﷲ خان سنبل

حکومت پنجاب تمام کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کی سہولیات کیلئے شراکت داروں کیساتھ بہترین تعاون کی پالیسی پر گامزن ہے‘کمشنر لاہور ڈویژن

منگل 1 دسمبر 2015 19:40

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ مین بیدیاں سڑک اور عباس لائن سے منسلک ذیلی سڑک پر شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر فوری طور پر جزوقتی حل کے علاوہ کل وقتی حل کی جانب بڑھا جائے،بے ہنگم ٹریفک ہجوم کے باعث کچھ حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں اس لیے فوری طور پر ٹریفک اصولوں کی پابندی کے لیے پولیس اپنے انتظامات کرے اور موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی پابندی کرائے- اجلاس کو بتایا گیا کہ حادثات کی دیگر وجوہات میں تجاوزات اور مذکورہ سڑکوں کی انتہائی کم چوڑائی بھی شامل ہیں- کمشنر لاہور ڈویژن نے اس مسئلہ کی طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لدھڑ ہسپتال کا افتتاح ہونے کے بعد ایمبولینسوں کی آمدورفت کا راستہ بھی اسی سڑک سے ہوگا- اس لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھا جائے- انہوں نے کہا کہ عباس لائن سے منسلک ذیلی سڑک کو بالکل سیدھی اور نئی بنا کر 20فیصد تا 30 فیصد ٹریفک کی مین بیدیاں روڈ پر آمد کو متبادل راستہ فراہم کیا جا سکتا ہے- انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیپا ٹریفک کاؤنٹ پر کام شروع کر دے تاکہ پھر ایل ڈی اے، ریونیو، ٹریفک پولیس اور ڈی ایچ اے کو ایک میز پر لا کر اس کے کل وقتی حل کی طرف بڑھا جائے- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے بعدازاں اپنے دفتر میں ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تمام کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کی سہولیات کے لیے شراکت داروں کے ساتھ بہترین تعاون کی پالہیسی پر گامزن ہے- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں طلحہ برکی سمیت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن، پولیس افسران، چیف انجینئر ٹیپا، نجی سپر سٹور کی انتظامیہ و دیگر افسران نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :