5دسمبر کوغبارے پر مہر کراچی کے عوام کی تقدیر بدلنے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا: عبدالحاکم قائد

منگل 1 دسمبر 2015 19:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ 5دسمبر کوغبارے پر مہر کراچی کے عوام کی تقدیر بدلنے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ نارتھ کراچی کے عوام باشعور ہیں اور کھرے اور کھوٹے کی پہچان رکھتے ہیں ۔ وہ یوسی 1نارتھ کراچی میں پاسبان کے نامزد امیدواروں غلام مرتضی ٰ چیئر مین ، انور خان وائس چیئر مین، شازیہ علیم جنرل کونسلر وارڈ نمبر 1 اور پاسبان نارتھ کراچی کے رہنما حامد اعوان، جمعہ خان و دیگر کے ہمراہ پاسبان محمد علی شہیدبلدیاتی الیکشن پینل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر محمد علی شہید کی تصویر سے مزین ایک بڑا پورٹریٹ بھی آویزاں کیا گیا ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ نارتھ کراچی پاسبان کے شہید رہنما محمد علی نے پانچ سال قبل بھتہ مافیا کے خلاف جدوجہد کرکے مدیحہ مارکیٹ میں بھتہ خوری کا خاتمہ کیا تھا جس کی پاداش میں محمد علی کو اس کی دکان پر فائرنگ کرکے گولیوں سے چھلنی کرکے شہید کردیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید محمد علی کے خون نے مافیاؤں کے خلاف پاسبان بلدیاتی پینل کی صورت میں آج نارتھ کراچی سے اقتدار کے ایوانوں میں ظلم کے خلاف جدوجہد کا آغاز ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان نے نارتھ کراچی کے عوام کے حالات بدلنے کا عزم کرلیا ہے ۔ انشاء اﷲ پانچ دسمبر کا سورج کراچی میں مافیاؤں کے تابوت میں پہلی کیل ٹھوکنے کا دن بنے گا ۔

متعلقہ عنوان :