روزمرہ کی اشیاء پرٹیکس لگانے سے مہنگائی کاطوفان آئے گا‘میاں مقصوداحمد

حکومت عوام کے مسائل میں اضافے کی بجائے کمی لانے کیلئے اقدامات کرے‘منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے 350اشیاء پر5سے10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافہ سے مہنگائی کاجن بے قابو ہوجائے گا،ٹیکس وصولی میں ناکامی کے بعد حکومت نے محصولات کاخسارہ پوراکرنے کے لئے عوام کے کندھوں پرمہنگائی کامزیدبوجھ ڈال دیا ہے،پولٹری،ادویات،خام مال،کھاد،دہی،مکھن،ڈیری اشیاء،قدرتی شہد،پھلوں سمیت دیگرروزمرہ کی اشیاء پرٹیکس لگانے سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی،پہلے ہی غریب عوام کودووقت کی روٹی میسر نہیں۔

غربت،مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پرمجبورہوچکے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبور ہے۔حکومت کو چاہئے کہ عوام کش پالیسیوں سے اجتناب کرتے ہوئے ایسی حکمت عملی اختیار کرے جن سے لوگوں کے مسائل میں اضافے کی بجائے کمی ہو۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وسائل سے مالامال ملک ہے مگر بدقسمتی سے محب وطن قیادت کے فقدان اور ماضی کے نااہل وکرپٹ حکمرانوں نے اس کو آئی ایم ایف کاغلام بناکررکھ دیا ہے۔آج پاکستان کاہرشہری ایک لاکھ7ہزار828روپے کامقروض ہوچکا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث ڈالر107.80پیسے سے تجاوز کرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ درآمدی اشیاء پرحکومت کی جانب سے ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے سے سمگلنگ بڑھے گی۔گرانفروشی میں اضافہ اور انڈرانوئسنگ کنٹرول سے باہر ہوجائے گی۔حکومت اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرتے ہوئے عوام کوریلیف فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :