ملک میں دہشت گردی کے بعد کرپشن دوسرا بڑا ناسور ہے جس کے خلاف سب کو جہاد کرنا ہو گا ‘ چیئرمین نیب

بد عنوانی ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے‘ ڈی جی نیب پنجاب سید برہان علی

منگل 1 دسمبر 2015 19:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی کے بعد کرپشن دوسرا بڑا ناسور ہے جس کے خلاف سب کو جہاد کرنا ہو گا ، کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف کسی ہتھیار سے کام نہیں لیا جا سکتابلکہ اس کے لئے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ،پیار،محبت اور دلجوئی سے معاشرہ سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے نوجوان نسل ہی اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہے، بلدیاتی انتخابات کے تمام مرحلے مکمل ہونے کے بعد نیب کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز میں بلدیاتی امیدواروں کو بھی نیب کی مہم میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی تا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیب لاہور کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب پنجاب میجر( ر) سید برہان علی ،یو ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر فضل احمد خالد ،کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے عہدیداران اور یونیورسٹی ، سکول کالج کے طلبہ و طالبات بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ ادارہ نیب زیرو ٹالرنس پالیسی پر کام کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے ،کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کر وادیا گیا ہے جو ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہو گا، دس ہزار سے زیادہ کریکٹربلڈنگ سوسائٹیز ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد اساتذہ،طلباء و طالبات بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم کا ہراول دستہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سال 2014ء میں نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بھی ایم او یو سائن کیا تھا اور اب 2015ء میں نیب نے ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ‘گورنمنٹ کالج آف یونیورسٹی اور ورچویل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس سے کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی کے بعد دوسرا بڑا ناسور کرپشن ہے جس کے خلاف ہم سب کو جہاد کرنا ہے جس طرح دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان سمیت پاکستان کے دوسرے سکیورٹی ادارے اور سول سوسائٹی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔

جس کیلئے ہماری افواج پاکستان جانوں کی قربانیاں پیش کر رہی ہے۔ ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم نوجوان نسل سے بہتر اور کوئی نہیں کر سکتا ۔ کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف کسی ہتھیار سے کام نہیں لیا جا سکتا بلکہ پیار،محبت اور دلجوئی سے معاشرہ سے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جس کیلئے نوجوان نسل ہی اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 9دسمبر کو دنیا بھر میں منائے جانے والے اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر کرپشن کے خلاف مہم کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جاتا ہے اور تمام ممبر ممالک اس مہم میں کرپشن کے خلاف عہد کااعادہ کرتے ہیں۔ نیب لاہور نے آج سے اینٹی کرپشن ہفتہ کا آغاز کر دیا ہے جس کیلئے ہمیں اپنے ملک کے ساتھ کئے ہوئے وعدے کا بھرپور احساس کرتے ہوئے وطن عزیز کو کرپشن جیسی لعنت سے پاک کرنے کا عہد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آئندہ پورے سال میں اس عہد کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور ملک میں بد عنوانی و کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تمام مرحلے مکمل ہونے کے بعد نیب کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز میں بلدیاتی امیدواروں کو بھی نیب کی مہم میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی تا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب پنجاب میجر (ر) سید برہان علی نے کہا کہ بد عنوانی ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے‘ کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے تعلیم ‘ صحت اور ریونیو کے معاملات جو کہ ہر کسی کی بنیادی سہولت ہے۔ کرپشن کی نظر ہونے کی بدولت ہرکسی کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جو ملک میں بد عنوانی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے مدد گار ثابت ہو گا۔

اس ڈیٹا بیس میں ممبران کی رجسٹریشن کا کام کیا جا چکا ہے اور مستقبل میں سی بی ایس ویب سائٹ کا اجراء بھی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک ایسے ادارے سے منسلک ہونے پر فخر ہے جس نے تمام تر عملی مشکلات اور تنقید کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا۔ نیب لاہور نے 2015ء میں کل 4244درخواستیں وصول کیں۔ اس بڑی تعداد کا موصول ہونا لوگوں کے اس ادارے پر اعتماد کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ وصولی بھی کرتا ہے ‘ نیب اب تک 264بلین روپے نہ صرف وصول کر چکا ہے بلکہ ڈبل شاہ سکینڈل ‘ ہاؤسنگ سوسائٹیز اور فاریکس کمپنیوں کے متاثرین اور قومی اداروں کو بھی ان کی امانتیں لوٹا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :