رسم چادر پوشی سے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے972 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کاآغاز ، دودھ کی سبیل کا بھی افتتاح

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،صوبائی وزیر اوقاف عطامانیکا ء نے افتتاح کیا ،ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں

منگل 1 دسمبر 2015 19:14

رسم چادر پوشی سے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے972 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) حضرت سید ابوالحسن علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے972 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کاآغاز ان کے آستانہ عالیہ پر ہو گیا ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف عطامانیکا ء نے رسم چادر پوشی سے تقریبات کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا ئیں بھی مانگی گئی۔

رسم چادر پوشی کے بعد دودھ کی سبیل کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ عرس کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ،سیکرٹری اوقاف نیئر اقبال، ڈی جی مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ایڈمنسٹریٹر داتار دربار سمیت اندرون اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے زائر ین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی طرف سے عرس مبارک کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کو مختلف مقامات پر جامعہ تلاشی کے بعد واک تھرو گیٹ سے گزار کر اندر داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے ۔

سکیورٹی کے تناظر میں داتا دربار کے بیرونی اور اندرونی حصوں اور اطراف میں 115کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ عرس مبارک کے سلسلہ میں تین روز تک مختلف نشستوں میں سیمینارز ، محافل سماع ، قرات اور نعت خوانی کی محفلوں کا انعقاد کرایا جائے گا ۔ عرس مبار ک کا آغاز ہوتے ہی مختلف علاقوں سے زائرین عقیدت اور اپنی منتوں کی چادر یں چڑھانے کے لئے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار مبارک پر تشریف لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :