چودھری پرویزالٰہی سے چودھری سرور کی قیادت میں وفد کی ملاقات، انتخابی اصلاحات پر زور

نندی پور پراجیکٹ نہیں صرف اشتہار چل رہے ہیں، جنگلہ بس، اورنج ٹرین جیسے منصوبے اربوں کی کرپشن کیلئے ہیں: سابق نائب وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں انتخابی دھاندلیوں کے خاتمے اور عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کے انتخاب کیلئے انتخابی اصلاحات پر زور دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وفد میں میاں محمود الرشید، عبدالعلیم خان اور ندیم خان شامل تھے جبکہ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین خان، مونس الٰہی اور میاں منیر بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جنگلہ بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے عوامی فلاح کیلئے نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن کیلئے ہیں، نندی پور پاور پراجیکٹ دیکھ لیں پراجیکٹ بند پڑا ہے صرف اس کے اشتہارات چل رہے ہیں، موجودہ حکمرانوں نے بجلی کی پیداوار میں ایک میگاواٹ کا بھی اضافہ نہیں کیا، لاہور کے ہسپتالوں میں ادویات ہیں نہ بستر، ایک بستر پر 5، 5 مریض ہیں، ہمارا بنایا سرجیکل ٹاور چالو نہیں کیا گیا، صوبائی دارالحکومت میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں، بدامنی ایسی ہے کہ روزانہ 2، 2 سو ڈکیتیاں ہو رہی ہیں، بجٹ میں ٹیکس نہ لگانے کے نعرے لگانے والوں نے منی بجٹ میں 40 ارب کے نئے ٹیکس لگا دئیے ہیں، عوام کے مسائل کی کوئی فکر کہے نہ احساس، عوام کے پاس روزگار ہے نہ کوئی تحفظ، حکومت کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سب اپوزیشن جماعتوں کو مل کر چلنا ہو گا، انتخابی اصلاحات کے بغیر دھاندلی ختم نہیں ہو گی، امیدوار الیکشن جیت کر گھر جاتا ہے اور رات 3 بجے رزلٹ میں ردوبدل کر کے اسے ہرا دیا جاتا ہے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اب پوسٹ پولنگ رگنگ کی جا رہی ہے، تھوڑے ووٹوں سے ہارے والے ن لیگی امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے نام پر کامیاب قرار دیا جا رہا ہے، پنجاب کے تمام ادارے، سرکاری ملازمین دھاندلی میں ملوث کر دئیے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں بھی دھاندلی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چودھری پرویزالٰہی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں عزت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا، حکومت کے اتحادی پیپلزپارٹی والے بھی اب تو حکومت کی دھاندلی کے خلاف بول پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب فنانس کمیشن بنایا جائے تاکہ صوبہ کے تمام علاقوں پر فنڈز خرچ ہوں۔

متعلقہ عنوان :