تنزلی کا دور ختم، اب ملک بہتری کی طرف جائیگا،صدر ممنون

دنیا عالمگیریت کی طرف گامزن ہے اس پس منظر میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی اہمیت بڑھ گئی،کانووکیشن سے خطاب

منگل 1 دسمبر 2015 18:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی اور خوش حالی کی نئی صبح جلد طلوع ہو گی اور وطن عزیز پرامن، طاقت ور اور ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے ابھرے گا جس کے عوام کے معیار زندگی پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر مملکت نے یہ بات کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 28ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ملک میں خرابیاں ختم ہوں گی کیونکہ اب ملک میں تنزلی کا دور ختم ہو چکا اور اب ملک انشاء اللہ بہتری کی طرف جائے گااور اقوام عالم میں انتہائی بلند مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دینی اور اعلیٰ اقدار کے مطابق اعلیٰ ترین تعلیم حاصل کریں اور اپنی پاکستانی شناخت پر کبھی آنچ نہ آنے دیں کیونکہ یہی ترقی اور سربلندی کا راز ہے۔

(جاری ہے)

دنیا عالمگیریت کی طرف گامزن ہے اس پس منظر میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ یہ امر قابلِ اطمینان ہے کہ حکومت تعلیم کے اس شعبہ میں بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام سائنس اور ٹیکنالوجی کی برکتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس سلسلے میں تعلیمی اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ اقتصادی استحکام کے لیے بھی تن دہی سے کام کر رہی ہے جس میں پاک چین اقتصادی شاہراہ اور بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبے شامل ہیں۔ عوام کے معیار زندگی پر اس کے یقیناًمثبت ا ثرات مرتب ہوں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ خزاں کا دور بیت گیا مستقبل میں بہار ہی پاکستان کا مقدر ہو گی اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ نئی نسل اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے سرانجام دیں اور قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔

صدر مملکت نے اس تاثر کی تردید کی کہ موجودہ دور میں بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دور میں ماضی کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے قرضے لیے گئے جس کے نتیجے میں بہت سے غیر ملکی قرضے ادا کر دیئے گئے ہیں۔صدر مملکت نے اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں میڈل اور کامیاب طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کیں، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداروار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں انسانی وسائل کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں او مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق نوجوانوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :