عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، واپڈا متاثرین منگلاڈیم کے تمام معاملات کو حل کرے اور متاثرین کے لیے بنائے جانے والے نیو سٹی اور سمال ٹاؤن میں جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے؛وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبدالمجید

پاکستان کی سلامتی واستحکام ہمارے ایمان کاحصہ ہے ،کشمیر ی پاکستان کو ماں کا درجہ دیتے ہیں اور پاکستان کے استحکام ومعاشی خوشحالی کے لیے کشمیری اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے؛ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ادارہ ترقیات میرپور کے ڈی جی سے بات چیت

منگل 1 دسمبر 2015 18:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ عوام کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا واپڈا متاثرین منگلاڈیم کے تمام معاملات کو حل کرے اور متاثرین کے لیے بنائے جانے والے نیو سٹی اور سمال ٹاؤن میں جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اہل میرپور نے پاکستان کے معاشی استحکام و خوشحالی کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو پانی کی نذر کرکے پاکستان سے جس جذباتی لگاؤ کااظہار کیا ہے وہ اہل کشمیر کی پاکستا ن سے لازوال محبت کا عکاس ہے۔

پاکستان کی سلامتی واستحکام ہمارے ایمان کاحصہ ہے ۔کشمیر ی پاکستان کو ماں کا درجہ دیتے ہیں اور پاکستان کے استحکام ومعاشی خوشحالی کے لیے کشمیری اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔

(جاری ہے)

میرپور متاثرین منگلا ڈیم اور تارکین وطن کا شہر ہے اہلیان میرپور کو تمام جدیدسہولتیں فراہم کریں گے اور میرپور کو بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنا دیں گے۔

ادارہ ترقیات میرپور اور دیگر اداروں کی معاونت اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کی تکمیل کریں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر جنرل وسابق صدر چمبر آف کامرس چوہدری جاوید اقبال سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے کشمیرہاؤس میں وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات کرکے میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت انسانیت کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔عوام کی ترقی وخوشحالی اور عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے پیپلزپارٹی کی حکومت لیڈر شپ ویژن پر عمل پیرا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے حقوق کا بھرپور تحفظ کریں گے اور عوام کے حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے چار سال کے مختصر عرصہ میں پارٹی ویژن کے مطابق آزادخطہ کے عوام کی معاشی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے ۔

پیپلزپارٹی حکومت نے جو ریکارڈ ترقیاتی کام کیے وہ تاریخ کاحصہ بن چکے ہیں کوئی طالع آزما تاریخ کو مسخ نہیں کرسکتا۔ 2016کے انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت سے جیت کردکھائے گی اور دن کو خواب دیکھنے والوں کی منفی سیاست دم توڑ جائے گی۔دریں اثنا کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ 84 ہزارمربع میل پر مشتمل ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے کشمیر ایشو تقسیم ہند فارمولے کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیری اس ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں ۔

سات لاکھ سے زائد کشمیر شہداء نے اپنے لہو کا نذرانہ دیا کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا رہا ہے بھارتی حکمرانوں کی طرف سے کشمیریوں کی تحریک کو سرد کرنے تمام ریاستی ہتھکنڈے ناکام ہوکر رہیں گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے اندر سے بھی کشمیریوں کے حقوق کی حمایت میں آوازیں بلند ہورہی ہیں بھارت اب کشمیر پر زیادہ عرصہ غیر قانونی قبضے کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیاں اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے