(ن) لیگ کی حکومت نے اسلام آباد کی 7یونین کونسلوں میں نتائج تبدیل کر کے ہمارے جیتنے ہوئے چیئرمنوں کو ہرایا، اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا، قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے نتائج درست کرائیں گے، نتائج درست ہونے پر ہمارے کامیاب امیدواروں کی تعداد 23ہو جائے گی، آزاد امیدواروں کو ساتھ ملاکر اسلام آباد کو باصلاحیت میر اور ڈپٹی میر دیں گے، یونین کونسل نمبر 39,34,30,22,13,20اور 42میں ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو نتائج تبدیل کر کے ہرایا گیا، ایک یونین کونسل میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کر کے نتائج تبدیل کئے

تحریک اسلام آباد کے نائب صدر رکن اسمبلی اسد عمر کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 1 دسمبر 2015 16:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) تحریک اسلام آباد کے نائب صدر رکن اسمبلی اسد عمر نے الزام عائد کیا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے رات گئے اسلام آباد کی 7یونین کونسلوں میں نتائج تبدیل کر کے ہمارے جیتنے ہوئے چیئرمنوں کو ہرایا اور اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا، قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے نتائج درست کرائیں گے، نتائج درست ہونے پر ہمارے کامیاب امیدواروں کی تعداد 23ہو جائے گی، آزاد امیدواروں کو ساتھ ملاکر اسلام آباد کو باصلاحیت میر اور ڈپٹی میر دیں گے، یونین کونسل نمبر 39,34,30,22,13,20اور 42میں ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو نتائج تبدیل کر کے ہرایا گیا، ایک یونین کونسل میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کر کے نتائج تبدیل کئے اور رات 3بجے اپنے حامیوں چوہدری مطلوب کو کامیاب کرایا۔

(جاری ہے)

منگل کو اسد عمر یہاں تحریک انصاف سنٹرل سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مبینہ دھاندلی والی 7یونین کونسلوں سے پی ٹی آئی کے ہارے ہوئے امیدوار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس (ن)لیگ کے ساتھ ملی ہوئی تھی جس ڈی سی کا رویہ غیر جانبدارانہ تھا شہر سے ہمارے امیدواروں کے بینرز اور جھنڈے پولیس کے ذریعے اتار کر پھاڑے گئے، پولیس نے ہمارے خلاف یک طرفہ کارروائیاں کی گئیں، الیکشن کمیشن نے ہمارے خلاف پری پول رینکنگ کا نوٹس نہیں لیا، اب نتائج میں تبدیلی کا نوٹس لے،ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج آج ہی جاری کرے تا کہ عوام اور لوگوں کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے شکوک ختم ہو سکیں۔