ڈاکٹر عاصم کا مجسٹریٹ بیان نہیں ہوا، ان کے اقبال جرم کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں؛ سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ

ریحام خان نواز لیگ میں شمولیت اختیار کرتی ہیں تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہو گا؛ خصوصی گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کا مجسٹریٹ بیان نہیں ہوا ان کے اقبال جرم کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ریحام خان نواز لیگ میں شمولیت اختیار کرتی ہیں تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہو گا ۔پیپلزپارٹی کی سی ای سی کمیٹی کا اجلاس 5 دسمبر کے بعد ہو گا جس میں پارٹی کے آئندہ صدر ، بلاول بھٹو زرداری کو امین فہیم کی سیٹ سے الیکشن لڑوانے سمیت دیگر اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔

شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے بلائی گئی اہم میٹنگ میں سی ای سی کے 55 ممبران میں سے وہی شرکت کریں گے جن کو ویزہ ملے گا ۔ اجلاس میں ملکی سیاسی منظر نامے اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سمیت دیگر ایشوز زیر غور آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی واضح طور پر کہا تھا کہ جب تک صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہٹایا نہیں جاتا یا وہ مستعفی نہیں ہو جاتے اس وقت تک الیکشن شفاف نہیں ہوں گے ۔

ان صوبائی الیکشن کمشنرز نے 2013 کا الیکشن بھی آر اوز کا الیکشن بنا دیا تھا اگر یہی ٹیم رہی جس نے نواز شریف کو جتوایا تھا تو ایسے الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ۔ ہم جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالان چاہتے ۔ پیپلزپارٹی علامتی طور پر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے

بلدیاتی انتخابات قریب آتے ہی سڑکیں بننا شروع ہو گئیں ہیں سرکاری فنڈز اور سرکاری مشینری کا بلدیاتی انتخابات میں کھلم کھلا استعمال کیا جا رہا ہے ۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ سندھ میں ہم نے سویپ کیا ہے لیکن نواز لیگ نے تو پنجاب میں 50 فیصد سیٹیں بھی نہإں حاصل کر سکی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دفعہ 164 کے تحت ڈاکٹر عاصم کا کوئی مجسٹریٹی بیان نہیں ہوا ۔ ہسپتال کے کسی رجسٹرار یا کسی ملازم کا بیان ہوا ہے کہ ہسپتال میں کچھ لوگ آتے تھے جن کا ہم علاج کرتے تھے ۔

ڈاکٹر عاصم پر جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں ۔ ان کو پہلے 90 دن پھر 4 دن اور اب 14 دن کے ریمانڈ پر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی طرف سے بلائے گئے اہم اجلاس میں ملکی سیاسی منظر نامے کا جائزہ لیا جائے گا اور بلدیاتی الیکشن کے نتائج کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلدیاتی انتخابات کے 5 دسمبر کے مرحلے کے بعد بلایا جائے گا اور اس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ ہم نے کسی بھی حکومت کی بی ٹیم ہونے کا الزام نہیں لینا اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے ریحام خان کی ملاقات کا علم نہیں اگر ریحام خان مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کرتی ہیں تو یہ ان کا اپنا ذاتی فیصلہ ہو گا ۔