متنازعہ ڈی جی ایڈمن سی ڈی اے اعجاز باجوہ کو آفیسر ہاسٹل میں غیر اخلاقی حرکات کے سکینڈل کا انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا

منگل 1 دسمبر 2015 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔۔یکم دسمبر۔2015ء) سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کامران بخت کو خصوصی خدمات فراہم کرنے والے سی ڈی اے کے ڈی جی ایڈمن اعجاز باجوہ کو آفیسر ہاسٹل میں غیر اخلاقی حرکات کے سکینڈل کا انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا ۔ آفیسر ہاسٹل کمبر نمبر 29 اور 13 کی چابیاں اپنے خاص مہمانوں کی خدمات کے لئے حاصل کرنے والے اعجاز باجوہ نے مضبوط ثبوتوں اور چشم دید گواہوں کے باوجود ڈی جی پارلیمنٹ لاجز کو کلین چٹ دینے کے لئے نام نہاد انکوائری رپورٹ مکمل کر لی ہے ۔

معتبر ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ سی ڈی اے آفیسر ہاسٹل میں غیر اخلاقی حرکات کے مبینہ سرغنہ ڈپٹی ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کے خلاف نام نہاد انکوائری کا سربراہ انتظامیہ کی جانب سے اس آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے جو خود وقتاً فوقتاً کامران بخت سے اپنے خاص مہمانوں کے لئے آفیسر ہاسٹل کمرہ 13 اور 29 کی چابیاں حاصل کرتا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

عیاشی سکینڈل کے انکوائری آفیسر ڈی جی ایڈمن اعجاز باجوہ کو چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی آنکھ کا تارا بھی سمجھا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب آٰفیسر ہاسٹل میں مقیم 16 سی ڈی اے افسران نے شعبہ سیکورٹی کو اپنا بیان حلفی جمع کراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کامران بخت نے ہاسٹل کو عیاشی کا اڈا بنا رکھا ہے اور اس کے متعدد کمروں کو نہ صرف اپنے دوستوں کو فراہم کرتا ہے بلکہ اپنے سی ڈی اے آفیسرز کو بھی ان کمروں کی چابیاں دینے میں کردار ادا کرتا ہے اور انہی غیر اخلاقی حرکات کے باعث ہمیں اپنی فیملیوں کے ساتھ یہاں رہنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

لہذا کامران بخت کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔واضح رہے کہ 15 نومبر کو سی ڈی اے کے شعبہ سیکورٹی نے آفیسر ہاسٹل سے کمرہ نمبر 29 سے ایک غیر ملکی خاتون اور لاہور سے تعلق رکھنے والے سرکاری آفیسر کو غیر اخلاقی حرکات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا جن کو نہ صرف چابی کامران بخت نے دی تھی بلکہ ان کو چھڑوانے کے لئے بھی کامران بخت سفارشیں کرتے رہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ واضح ثبوتوں اور متعدد چشم دید گواہوں کے باوجود کس طرح ڈی جی ایڈمن کامران بخت کو کلین چٹ دیتے ہیں اور ممبر ایڈمن و چیئرمین سی ڈی اے ادارے کی بدنامی کا باعث بننے والے ڈپٹی ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کامران بخت کے خلاف کیا ایکشن لیتے ہیں ؟

متعلقہ عنوان :