آئی جی سندھ سے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پر مشتمل 30 رکنی وفد کی ملاقات

منگل 1 دسمبر 2015 15:23

کراچی ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور سندھ پولیس کے دیگر افسران سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کے 30 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ عبدالعلیم جعفری نے وفد کو سندھ پولیس کی کارکردگی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی غلام سرور جمالی، ڈی آئی جی آر آر ایف ڈاکٹر امین یوسف زئی، ڈی آئی جی ٹریننگ اقبال دارا و دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے اپنے تعارفی خطاب میں پولیس سیکیورٹی اور امن و امان کے اقدامات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اور بالخصوص کراچی میں پولیس کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا تاہم بروقت فیصلوں، بہترین حکمت عملی اور لائحہ عمل کی بدولت جرائم سے متعلق مختلف نوعیت کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس ایکشن کے نتائج کو برقرار رکھنے کے لئے جرائم کے خلاف ٹارگٹیڈ آپریشنز کا تسلسل جاری ہے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ نے وفد کو بریفنگ کے دوران نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس اقدامات کی تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک پولیس کے جرائم کے خلاف 10648 چھاپوں اور2091 سرچ آپریشنز کے دوران 427 ملزمان گرفتار384 ہلاک ہوئے،

لاوڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت1584 مقدمات کا اندراج اور خلاف ورزی میں ملوث876 گرفتار، دل آزار مواد کی تقسیم اور وال چاکنگ پر 718 مقدمات کا اندراج اور198 گرفتار کئے گئے۔

اسی طرح 5502 مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضہ سے 18 ایل ایم جیز، 10جی تھری رائفلز، 341 ایس ایم جیز/ کلاشنکوف، 7847پستول/ ریوالور/ ماوزرز، 291 رائفلز، 866شاٹ گنز/ ریپیٹرز، 6 ایم پی فائیو کے علاوہ 526 کلو گرام دھماکہ خیزمواد، 29 خود کش جیکٹس، 6آئی ای ڈیز، 615 بم/ دستی بم، 756 آوان بم/بال بیرنگ بم برآمد ہوئے۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹز نے پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے مختلف اقدامات سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فارنزک ڈویژن سندھ پولیس کی اپ گریڈنگ اور ڈی این اے لیبارٹری کے قیام کے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس انٹیلی جینس صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے مختلف تربیتی کورسز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ بیرون ملک تربیت کے اقدامات کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔ بعد ازاں پولیس کے وفد نے سی پی او میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا اور شہر کی سیکیورٹی مانیٹرنگ کے جملہ امور و دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور آگاہی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :