پارلیمنٹ ہاؤس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل

منگل 1 دسمبر 2015 15:19

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) پارلیمنٹ ہاؤس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا۔ توقع ہے کہ 6 دسمبر کو اس سلسلے میں افتتاحی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے پاکستانی پارلیمنٹ کو تحفہ کے طور پر دیا گیا ہے۔

اس سے ایک میگاواٹ شمسی توانائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

شمسی توانائی کے حوالے سے چینی انجینئرز نے کام کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم شیڈز کے نیچے گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ کو پختہ کرنے کا کام جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے بعد ایشیاء میں پاکستانی پارلیمنٹ پہلی گرین پارلیمنٹ ہوگی۔ مصروف ترین اوقات میں پارلیمنٹ ہاؤس کا کل لوڈ 1.3 میگاواٹ تک پہنچ جاتا ہے تاہم فرصت کے اوقات میں اس لوڈ میں کافی حد تک کمی آ جاتی ہے۔

فاضل توانائی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جس سے آئیسکو کی بجلی اور پارلیمنٹ ہاؤس میں نصب شمسی توانائی کے نظام کی یونٹوں میں فرق کے لئے خصوصی میٹرز نصب کئے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق سالانہ بجلی کے خرچہ میں 50 فیصد سے زائد بچت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :