بلدیاتی انتخابات میں کئی حلقوں میں ٹکٹ نہ دے کر غلطی کی، ٹکٹ دیتے تو شیر کی سیٹیں دو گنا ہو تیں،اتنی تعداد میں آزاد امیدوار کامیاب نہ ہوتے‘نوازشریف

وزیر اعظم نوازشریف فرانس ماحولیات پرعالمی کانفرنس میں شرکت کے بعد لندن پہنچ گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2015 14:46

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔یکم دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم نوازشریف فرانس ماحولیات پرعالمی کانفرنس میں شرکت کے بعد لندن پہنچ گئے‘لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا موسمی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں پیرس واقعات پر بھی بات ہوئی انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم مودی خود آئے اور بات آگے بڑھانے کاکہا اور ملاقات کے دوران مودی سے دونوں ممالک کے بہتر تعلقات کی بات کی ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی کیلئے معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے ہوں گے۔

خیال رہے کہ پیرس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے منعقد کی جانیوالی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی کی اتفاقیہ ملاقات ہو گئی تھی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کانفرنس کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس ،اطالوی وزیراعظم میٹیو رینزی اور سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا سمیت کئی عالمی رہنماوٴں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن عالمی دباوٴ پر نہیں کیا ، فوج کی کارروائی فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر کوئی اختلافات نہیں ہیں انہوں نے بتایا توانائی کے بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بہت کامیابی ملی ہے،جیتنے والے 90فیصد آزاد امیدوار بھی ہمارے ہی ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ نون لیگ نے کئی حلقوں میں ٹکٹ نہ دے کر غلطی کی، ٹکٹ دیتے تو شیر کی سیٹیں دو گنا ہو تیں،اتنی تعداد میں آزاد امیدوار کامیاب نہ ہوتے۔ان کا کہناتھا کہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام آباد کے بہت سے حلقے کھلے چھوڑدیے،ایسا نہ کرتے تو مسلم لیگ ن کی کامیابی کا تناسب اور زیادہ ہوتا۔دوسری جانب مریم نواز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں انتخابی نتائج کے بارے میں لکھتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ ایک فیصلہ کن جیت۔