وزیراعظم کے نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ اسکیم کے فروغ کے لیے نیشنل بینک اور ہنر فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

منگل 1 دسمبر 2015 14:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) وزیراعظم کے نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ اسکیم کے فروغ کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان اور ہنر فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدے کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے تاکہ نوجوانوں کے خود روزگار کے لیے وزیراعظم کے پروگرام پر درست انداز میں عملدرامد کیا جاسکے۔ دونوں اداروں کے اشتراک سے ہنر فاونڈیشن کے تربیت یافتہ نوجوان نیشنل بینک سے وزیر اعظم کے نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ اسکیم سے سرمایہ حاصل کرکے اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے ۔

اس طرح وہ اپنے خاندان کی کفالت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بھی ایک صحت مند کردار ادا کرسکیں گے۔ دونوں اداروں کے اشتراک سے ہنر فاونڈیشن کے تربیت یافتہ افراد کو روزگار کا خواب پورا ہوسکے گا تو دوسری جانب نیشنل بینک کا نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے سرمایہ مہیا کرنے کا وعدہ بھی پورا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس طرح یہ بے روزگار نوجوان فنی تربیت پا کر خود روزگار کے ذریعے معاشرے کا ایک ذمہ دار فرد بن سکیں گے۔

اس سے نوجوانوں کی معاشی و سماجی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل بینک کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور وزیر اعظم کے نوجوانوں کے لیے کاروباری قرض اسکیم کے رابطہ کار ارتضی کاظمی نے کہا کہ کہا پاکستان دنیا میں آبادی کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر ہے اور بے روزگاری کے عفریت سے نبرد آزما ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک بے روزگار نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرکے بے روزگاری کے خاتمے میں اپنا کردار ادار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ اسکیم کے دو جہتی مقاصد ہیں۔ پہلا مقصد نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور دوسرا مقصد نظر انداز شدہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ ہے۔

بینک کی وائس پریزیڈینٹ اور مارکیٹنگ کی سربراہ نگین رضوی نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

اس وقت سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں اتنی بڑی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں کو کھپانے کی صلاحیت موجود نہیں ہے۔ روزگار کے جائز مواقع نہ ہونے کی بناپر نوجوان دیگر ذرائع استعمال کرتے ہیں جس سے معاشرے میں انتشار پیدا ہوتا ہے۔ وزیرا عظم کا نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ اسکیم سے نہ صرف ان بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار حاصل ہوگا بلکہ معاشرے میں ایک باعزت مقام بھی۔

ہنر فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید حسن نے کہا کہ ہنر فاونڈیشن کا وژن ایک تربیت یافتہ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کے لیے ان کی فاونڈیشن شدید محنت کررہی ہے۔ ان نوجوانو ں کو سٹی اینڈ گلڈ جیسے بین الاقوامی تسلیم شدہ اداروں کے سرٹیفکٹ دیے جارہے ہیں۔ ان نوجوانوں کو صرف فنی تربیت ہی فراہم نہیں کی جارہی بلکہ زندگی گزارنے کے دیگر طریقے بھی سکھائے جاتے ہیں۔ ان نوجوانوں کو بنیادی انگریزی اور ریاضی کی بھی تعلیم دی جاتی ہے تاکہ وہ جاب کے لیے انٹرویو بہترین طریقے سے دے سکیں۔انہوں نے اشتراک کا ر پر نیشنل بینک آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :