اگر معیشت ٹھیک ہے تو حکومت قرضے کیوں لے رہی ہے ؟ خورشید شاہ

منگل 1 دسمبر 2015 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر معیشت ٹھیک ہے تو حکومت قرضے کیوں لے رہی ہے ؟ ۔حکومت کو پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے پر بھی توجہ دینا چاہئے۔ پارلیمنٹ میں جو باتیں کی جاتی ہیں وہ عوام کو بتائی جائیں۔ ایک انٹرویو میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاکہ ملک میں ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے کھانے پینے کی اشیاء میں ایک روپے کا بھی فرق نہیں پڑا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے میں بھی توجہ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا چاول کے کاشتکار کو بہت نقصان ہو رہا ہے بجلی مہنگی ہوتی جارہی ہے جبکہ تیل سستا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

جب دنیا میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے تو حکمران قوم کو لولی پاپ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت کہتی ہے ہماری معیشت اچھی جا رہی ہے اگر ایسی بات ہے تو پھر قرضے کیوں لیے جا رہے ہیں۔

مختلف اشیاپر ٹیکس حد سے بڑھ رہے ہیں اب انڈسٹریاں بھی کم ہوتی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک پراجیکٹ بھی پورا نہیں ہوا جبکہ نندی پور پراجیکٹ 6 دن میں ہی بند ہو گیا۔ جناح سولر پارک سے 27 میگاواٹ بجلی آ رہی تھی اب وہ بھی ختم ہو گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میاں نواز شریف قوم سے معافی مانگیں۔ میاں نواز شریف کی حکومت نے کوئی اچھا کام کیا ہو تو بتا دیں۔