ہائیکورٹ نے چیک باؤنس کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ، ملزم احاطہ عدالت سے فرار

منگل 1 دسمبر 2015 14:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیک باؤنس کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ، ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہوگیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ملزم وحید کی درخواست ضمانت کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم وحید کے خلاف فیصل آباد میں 12لاکھ روپے کا باؤنس چیک دینے کا مقدمہ درج ہے جبکہ ملزم تفتیش میں بھی قصور وار ہے ۔

ملزم سے برآمدگی کرنی ہے لہذا درخواست ضمانت خارج کی جائے ۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم بے قصور ہے اور صرف ذاتی رنجش کی بناء پر جھوتا مقدمہ درج کیا گیاہے ۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔ ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم وحید نے احاطہ عدالت سے دوڑ لگا دی اور پولیس اہلکار اس کے پیچھے بھاگے تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔