صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے یونیسف کی چائلڈ پروٹیکشن چیف سارہ کول مین کی ملاقات

منگل 1 دسمبر 2015 14:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ صوبہ بھرکے صنعتی و تجارتی اداروں میں بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے محکمہ لیبر حکومت پنجاب نے عالمی ادارہ یونیسف اور آئی ایل او کے تعاون سے صوبائی چائلڈ لیبر سروے کا آغاز کردیاہے، منصوبے پر مجموعی طور پر 14کروڑ روپے لاگت آئے گی، یونیسف منصوبے میں5کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کررہاہے جبکہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا تکنیکی تعاون بھی حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں عالمی ادارہ یونیسف کی پاکستان میں چیف چائلڈ پروٹیکشن سارہ کول مین ، چائلڈ پروٹیکشن سپیشلسٹ یونیسف سہیل عباس ، نمائندہ یونیسف لاہورنعمان غنی کے ساتھ ملاقات کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لیبر علی سرفراز، رکن اسمبلی سائرہ افتخار ، فوکل پرسن پراجیکٹ واحدارشد ، ڈاکٹر جاوید گل اور محکمہ لیبر کے دیگر اعلی افسران بھی موقع پرموجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سے قبل چائلڈ لیبر سروے 1996ء میں کروایا گیا تھا تاہم اب صنعتی و تجارتی اداروں کی تعداد میں بے حد اضافہ ہونے کے باعث صوبائی سطح پر چائلڈ لیبر کے حوالے سے درست اعداد و شمارحاصل کرنا انتہائی ضروری ہوگیا تھا تاکہ چائلڈ لیبر کے پس پردہ حقائق سے آگاہی حاصل کر کے اس کے سدباب کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز بھرپور اقدامات کرسکیں۔

وزیر محنت نے بتایا کہ صوبائی چائلڈ لیبر سروے کے حقیقی اور مصدقہ اعداد و شمار حاصل کرنے کے لیے بورڈ آف سٹیٹسئکس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور گراس روٹ لیول پربھرپور سروے کر کے 18ماہ میں اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے منصوبے کے بے حد دور اس اثرات مرتب ہوں گے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے خاتمے اور نادار خاندانوں کی بحالی صوبہ پنجاب میں 5.2ارب روپے کی خطیر رقم سے مربو ط منصوبہ شروع کیا ہے ۔ اس کے علاہو چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال کے خاتمے کا منصوبہ 180.832ملین روپے کی لاگت سے جھنگ ، لیہ، چکوال اور جہلم کامیابی سے جاری ہے جس کے تحت 120نان فارمل ایجوکیشن سنٹرز پر 5سے14سال کی عمرکے غر اور نادار بچو ں مفت تعلیم جبکہ دوسرے مرحلے میں 14سے18سال کی عمر کے بچوں کو 40لٹریسی و سکلز ٹریننگ سنٹرز میں تین ماہ پر مشتمل لٹریسی اور سکل ٹریننگ کورس کروایا جاتاہے تاکہ نوجوان تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد روزگار کمانے کے قابل ہوسکیں۔