فیصل آباد میں ن لیگ دھڑے بندیوں کا شکار؛حکومت کامیونسپل کارپوریشن فیصل آبادکے میئر اور چیئرمین کیلئے کسی بھیرکن قومی و صوبائی اسمبلی کے رشتہ داروں کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ

منگل 1 دسمبر 2015 13:55

ٰفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے میئر اور ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کے لئے حکومتی جماعت اور وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ فیصل آباد ضلع اور شہر میں دھڑے بندیوں کی وجہ سے کسی بھی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ان کے ساتھ ساتھ صوبائی اور وفاقی وزیر کے بھائی‘ بیٹے کو ان اہم عہدوں پر مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔

ایسے منتخب رکن کو میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کا ٹکٹ جاری کیا جائے گا جو دھڑے بندیوں سے علیحدہ ہو اور اچھی شہرت کا حامل بھی ہو تاکہ آئندہ 2018ء میں ہونے والے انتخابات میں بہتر کارکردگی کی بناء پر مسلم لیگ ن کے لئے سود مند ثابت ہو۔ آن لائن کو وزیراعظم سیکرٹریٹ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ان بڑے شہروں جہاں مسلم لیگ ن میں دھڑے بندیاں قائم ہیں وہاں دھڑے بندی سے علیحدہ ہو کر ایسے افراد کو چیئرمین اور میئر منتخب کیا جائے جو پارٹی کے لئے سود مند ہوں اور دھڑے بندی سے اجتناب کرتا ہو چنانچہ اس ہدایت کی روشنی میں چند روز قبل فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے بعض ایسے مسلم لیگی رہنماؤں نے حمزہ شہباز شریف‘ میاں شہباز شریف کے علاوہ وزیراعظم کے قریبی رفقاء سے ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی اس ہدایت کے بعد فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے بعض ممبران اسمبلی جن میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک نواز کے بھائی ملک رزاق جو کہ میئر شپ کے امیدوار تھے اسی طرح ضلع کونسل کے چیئرمین کے لئے سابق سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری افضل ساہی ایم پی اے کے بیٹے جنید افضل ساہی‘ میاں فاروق ایم این اے کے بیٹے معظم فاروق‘ ممبر قومی اسمبلی چوہدری عاصم نذیر کے بھائی شاہد نذیر مسلم لیگ ن کے ٹکٹوں سے محروم ہو جائیں گے۔ حتمی فیصلہ آئندہ چند یوم تک وزیراعظم نواز شریف کرینگے۔