پاکستان براڈ کاسٹرلاہورہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج میڈیا کومشروط طورپرنشر کرنے کے حکم میں دس دسمبر تک توسیع کر دی،،،عدالت نے الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب کی جانب سے مبہم جواب مسترد کرتے ہوئے دو وکلاءکو عدالتی ماونین مقرر کر دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2015 13:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر پاکستان براڈ کاسٹرز ایسویسی ایشن اور مفاد عامہ کی درخواست دائر کرنے والے وکلاءکے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے سینئر وکیل شہزاد شوکت سمیت دو وکلاءکو عدالتی معاونت مقرر کر دیا۔

(جاری ہے)

نجی چینل کے وکیل غلام مرتضی چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے نتائج جاری کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

پیمرا مجرمانہ غفلت کا مرتکب ہو رہا ہے اور عدالتی حکم کے باوجود جواب داخل نہیں کرایا جا رہا۔عدالت نے پیمرا کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب کا مبہم جواب مسترد کرتے ہوئے تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدائت کر دی۔عدالت نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج میڈیا کومشروط طورپرنشر کرنے کے حکم میں دس دسمبر تک توسیع کر دی۔