موجودہ وفاقی حکومت نے مہنگائی اور تنخواہوں میں توازن برقرار نہیں رکھا‘ ہر چیز مہنگی ہورہی ہے اگر کچھ سستا ہے تو اس کا عوام کو فائدہ نہیں مل رہا‘ میاں صاحب تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو لالی پوپ دیتے رہتے ہیں‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ تین ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، اب وزیراعظم 2018ء میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں‘ حکومت ہر تیسرے ماہ نیا بجٹ پیش کردیتی ہے‘ وفاقی حکومت کے پاس صرف پلان ہے عمل درآمد کچھ بھی نہیں ہورہا

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی سولر انرجی موٹر پمپ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 13:00

روہڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے مہنگائی اور تنخواہوں میں توازن برقرار نہیں رکھا‘ ہر چیز مہنگی ہورہی ہے اگر کچھ سستا ہے تو اس کا عوام کو فائدہ نہیں مل رہا‘ میاں صاحب تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو لالی پوپ دیتے رہتے ہیں‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ تین ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اب وزیراعظم 2018ء میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں‘ حکومت ہر تیسرے ماہ نیا بجٹ پیش کردیتی ہے‘ وفاقی حکومت کے پاس صرف پلان ہے عمل درآمد کچھ بھی نہیں ہورہا۔

وہ منگل کو روہڑی کے علاقے پٹنی میں سولر انرجی موٹر پمپ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں نارا کینال پر سولر انرجی کے دس موٹر پمپ لگائے جائیں گے دوسرے مرحلے میں واہ عمر کس کینال پر سولر انرجی کے پانچ موٹر پمپ لگائے جائیں گے۔ سولر انرجی موٹر پمپوں سے ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی تو کردی توازن قائم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ حکومت نے ہر چیز مہنگی کردی لیکن تنخواہیں اتنی ہی ہیں ہمارے دور میں اگر مہنگائی ہوتی تھی تو تنخواہیں بھی اس تناسب سے بڑھائی جاتی تھیں لیکن اب کسان مر رہا ہے تباہ و برباد ہورہا ہے اور چاول کی قیمتیں بالکل بھی نہیں ہیں چاول کی جو بوری ہمارے دور میں 2400کی تھی آج 900کی ہے لیکن عوام کو وہی 125 روپے کلو چاول ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس صرف پلان ہے عمل درآمد کچھ بھی نہیں ہورہا۔ حکومت ہر تیسرے ماہ نیا بجٹ پیش کردیتی ہے میاں صاحب تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو لالی پوپ دیتے رہتے ہیں۔ 2013 ء کے الیکشن سے قبل وزیراعظم نے تین ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا کہا تھا لیکن اب 2018ء میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کررہے ہیں۔