نریندرمودی کی طرف سے معاملات آگے بڑھانے کی خواہش کااظہار کیاگیا ہم بھی یہی چاہتے ہیں،وزیراعظم محمد نوازشریف

ملاقات میں اچھے ماحول اوراچھے انداز میں گفتگوہوئی ، دونوں طرف سے ایسی خواہش کے باوجود معاملات آگے نہ بڑھیں تو مناسب نہیں ہوگا،افغان صدر اشرف غنی اوربرطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں بھی اچھی گفتگو ہوئی ، پاکستان اپنے سیاسی، داخلی اوربیرونی معاملات حل کرناچاہتاہے اس کیلئے سب ممالک کو بات چیت کادروازہ کھولناچاہیے، کوشش کرینگے کہ بات چیت کاسلسلہ آگے بڑھے اورآگے چلے،میڈیا سے گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 23:08

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ بھارتی ہم منصب نریندرمودی سے اچھے ماحول اوراچھے انداز میں گفتگوہوئی بھارتی وزیراعظم کی طرف سے معاملات آگے بڑھانے کی خواہش کااظہار کیاگیا،ہم بھی یہی چاہتے ہیں دونوں طرف سے ایسی خواہش کے باوجود معاملات آگے نہ بڑھیں تو مناسب نہیں ہوگا،افغان صدر اشرف غنی اوربرطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں بھی اچھی گفتگو ہوئی ، پاکستان اپنے سیاسی، داخلی اوربیرونی معاملات حل کرناچاہتاہے اس کیلئے سب ممالک کو بات چیت کادروازہ کھولناچاہیے، کوشش کرینگے کہ بات چیت کاسلسلہ آگے بڑھے اورآگے چلے۔

پیرکوپیرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان ترقی کرنا چاہتاہے اوروہ اپنے سیاسی ،داخلی اوربیرونی معاملات کو حل کر نے کاخواہاں ہے اس کیلئے سب ممالک کو بات چیت کادرواز ہ ہی کھولناچاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج میری بھارتی وزیراعظم اورافغانستان کے صدر سے بھی بات ہوئی اس موقع پرایک سہ فریقی ملاقات بھی ہوئی جس میں میرے ساتھ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون،افغان صدراشرف غنی شامل تھے ان سب ملاقاتوں میں اچھی گفتگو ہوئی اچھی باتیں ہوئیں اوراچھے جذبات کااظہار ہوا ہے انہوں نے کہاکہ ہم اپنے اچھے جذبات رکھتے ہیں تو ان پر عمل بھی کرناچاہیے اب کوشش کرینگے کہ بات چیت کاسلسلہ آگے بڑھے اورآگے چلے۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات سے متعلق ایک سوال پرنوازشریف نے کہاکہ ان کی بھارتی وزیراعظم سے اچھی گفتگو ہوئی اور یہ بات چیت اچھے انداز اوراچھے ماحول میں ہوئی ان کی طرف سے بھی اس بات کااظہاارکیاگیا ہے کہ ہمیں اپنے معاملات کو آگے بڑھاناچاہیے ہماری طرف سے بھی یہی خواہش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب دونوں طرف سے ایسی خواہش ہونے کے باوجود معاملات آگے نہ بڑھیں تو یہ مناسب نہیں۔ایک اورسوال پر نوازشریف نے کہاکہ ہماری آپس میں کیاگفتگو ہوئی اس بارے میں نہیں بتاناچاہتا انہوں نے کہاکہ مختصرملاقات میں نہ تو ساری باتیں ہوسکتی ہیں اورنہ ہی مجھے یہ حق پہنچتاہے کہ ہماری جو آپس میں بات ہوئی اسے دنیابھرمیں نشرکردوں۔