Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سرمارک لائل گرانٹ سے لندن میں ملاقات

ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے،برطانیہ افغانستان میں امن اور خطے کے حالات بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے‘وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

پیر 30 نومبر 2015 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن میں برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیرمملکت خسرو بختیار‘ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرسید ابن عباس اور کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی رائے طاہر بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے ہم سب نے مل کر عہدہ برآہ ہونا ہے۔ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار چلا آ رہا ہے چنانچہ ہمیں فرانس سمیت تمام دنیا میں دہشت گردی کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں کا رنج اور احساس ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم اس سنگین مسئلے کے حل کے لئے بعض دوسرے سماجی اور معاشرتی اقدامات بھی اتنے ہی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن اور مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان بجاطور پر یہ توقع رکھتا ہے کہ برطانیہ افغانستان میں امن اور خطے کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے اس موقع پر کہا کہ برطانوی حکومت پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کو برطانیہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات