پاک بحریہ کی اہم میر ی ٹائم مشق سی سپارک 15 اختتام پزیر ہو گئی

پیر 30 نومبر 2015 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) حال ہی میں منعقد ہونے والی پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 15 کا اختتامی سیشن پیر کی صبح کراچی میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااﷲ تھے۔ شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہونے والی اس اہم مشق میں پاک بحریہ کے تمام یونٹس بشمول جنگی جہازوں، آبدوزوں اورفضائی لڑاکا طیا روں کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی سپیشل فورسز اور میرین فورس نے حصہ لیا۔

علاوہ ازیں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ، پاک فضائیہ اور پاک آرمی کے فضائی دفاع کے شعبوں نے بھی اس مشق میں شرکت کی۔ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف رئیر ایڈمرل کلیم شوکت نے اپنے افتتاحی خطاب میں مشق کے چار ماہ کے دورانیہ پر مشتمل تمام مراحل اور پہلوؤ ں کا جائزہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

بعدازاں مشق کاجامع ڈی بریف سیشن منعقد ہوا جس میں تمام پہلوؤ ں پر تفصیل کے ساتھ بحث کی گئی۔

پاک بحریہ کا علاقائی میری ٹائم نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ہے۔ اس ضمن میں اس مشق کے اہم اہداف میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینااور مختلف آپریشنل منصوبوں کو تقویت دینا شامل تھا۔ اس مشق نے مستقبل میں پیش آنے والے میری ٹائم سکیورٹی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی یونٹس کواپنی جنگی مہارتوں میں اضافے کا بھی ایک گراں قدر موقع فراہم کیا۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکااﷲ نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ حالیہ چیلنجز وسیع البنیاد جنگی مشقوں اور غوروخوض کے ذریعے پاکستان نیوی کے آپریشنل منصوبوں کے مسلسل جائزے کے متقاضی ہیں۔ انہو ں نے مشق کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مظاہروں کو سراہا اور سی اسپارک کے مجموعی کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس اختتامی سیشن کو آئندہ اٹھائے جانے والے اقدامات کے لیے مقدمہ کے طور پر لیا جائے جو پاک بحریہ کی تمام کمانڈز کے حربی منصوبوں کی جامع جائزے کے لیے راہنما ثابت ہو۔ اختتامی سیشن میں تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔