عام آدمی کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کا عزم کر چکے ہیں‘محمد شہبازشریف

جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت کے حوالے سے جلددنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑے ہوں گے‘لندن ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عام آدمی کو بین الاقوامی معیار کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کا عزم کر چکے ہیں۔ وہ آج یہاں لندن کے ٹرانسپورٹ سسٹم کی انتظامیہ کے ساتھ منعقد کئے گئے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان اور چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالباسط نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میٹروبس اور اورنج ٹرین کے ذریعے اس ہدف کے حصول کے لئے کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس وقت لاکھوں افرادٹرانسپورٹ کے ان جدید‘ تیزرفتار اور محفوظ منصوبوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور وہ دن دور نہیں جب ہم ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لندن اپنی ٹرانسپورٹ کے باعث دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے اور ہم لندن کی ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔