مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالے یہ نہ سمجھیں کہ وہ کسی سے کم ہیں بلکہ مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے اس سے بھی زیادہ محنت، لگن اور جذبے سے سرشار ہوکر اپنی کارکردگی کو مزید بہتربنائیں گے‘پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان

پیر 30 نومبر 2015 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان، ہلال امتیاز(ملٹری) نے کہا ہے کہ ’’خداداد صلاحیتوں سے مالا مال یہ کیڈٹس ہمارے مستقبل کے معمار اور پاکستان کا اُبھرتا ہوا نیا ٹیلنٹ ہیں، کیڈٹس کے درمیان کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا مقصد اُن میں چھپی بہترین صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا ہے‘‘۔

وہ پیر کو ’’14 -ویں آل سندھ انٹر کیڈٹ کالج اسپورٹس چیمپیئن شپ -2015 ء‘‘ کی اختتامی تقریب سے مہمانِ خصوصی حاضرین کی کثیر تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اسپورٹس چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی چاروں کیڈٹ کالجوں کی ٹیموں جن میں کیڈٹ کا لج سانگھڑ، کیڈٹ کالج لاڑکانہ، کیڈٹ کالج پنوں عاقل اور پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرکے اُن کی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے بھرپور محنت، لگن اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اس اسپورٹس چیمپیئن کو کامیاب بنایا۔

(جاری ہے)

اسپورٹس چیمپیئن شپ میں بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی پیش کرکے خصوصی انعام حاصل کرنے والے کیڈٹس کی بھی بھرپور تعریف کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے یہ نہ سمجھیں کہ وہ کسی سے کم ہیں بلکہ مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے اس سے بھی زیادہ محنت، لگن اور جذبے سے سرشار ہوکر اپنی کارکردگی کو مزید بہتربنائیں گے ۔

خطبہء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کے پرنسپل، کیپٹن (ر) ظہیر الدین ملک نے مہمان خصوصی جنرل (ر) ظہیر احمد خان اورادارے کے سینئر افسران کو اختتامی تقریب میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے چیمپئن شپ کی چاروں ٹیموں کے آفیشلز اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اس ایونٹ کو کامیاب بنانے وا لے پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کے اسپورٹس آفیسر پروفیسر اسرار حسین مہر، ایڈجوٹنٹ میجر حمزہ جہاں زیب، خورشید احمد خٹک اور پاکستان اسٹیل کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں، مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ر) ظہیر احمد خان نے پرنسپل کیڈٹ کالج اور اے پی ای او(اے اینڈ پی )انجینئر نصرت اسلام بٹ کے ہمراہ مختلف میں مقابلوں بہترین اور اعلیٰ کارکرگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں گولڈ میڈلز،سلور میڈلز، براؤنز میڈلزاور شیلڈز سے نوازا۔یاد رہے کہ 22 نومبر2015 ء سے جاری رہنے والے مقابلوں میں ہاکی، کرکٹ، فٹبال، باسکٹ بال، والی بال، اسکواش، ایتھلیٹکس کے12 مقابلے شامل تھے۔