عوامی تحریک یوتھ لیگ کا 27واں یوم تاسیس، کیک کاٹنے کی تقریب میں ڈاکٹر حسین محی الدین ،شہزاد نقوی و دیگر سینئر رہنماؤں کی شرکت

پیر 30 نومبر 2015 22:46

27اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 27 واں یوم تاسیس منایا گیا اور کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔اسلام آباد میڈیاسیل کے مطابق تقریب میں منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین ، ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد نقوی و دیگر نے کیک کاٹا۔مظہرعلوی نے یوم تاسیس کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ لیگ کا قیام 30 نومبر 1988 میں آیا، جس کے قیام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی دینی، علمی، روحانی تربیت اور کردار سازی تھا۔

(جاری ہے)

یوتھ لیگ کی بنیاد قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری نے رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ یوتھ لیگ نے اپنے قیام سے لیکر اب تک 15سو تربیتی سیشن، مختلف قومی و بین الاقوامی ایشوز پر 700 ریلیاں، 500 ورکشاپس کا انعقاد کیا اور ملک بھر میں یوتھ ونگ کے باقاعدہ ممبرز کی تعداد 75 ہزار ہے۔ یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بلڈ بنک، موبائل ڈسپنسریاں، آئی کیمپس، سپورٹس فیسٹیول کا ہر سال انعقاد ہوتا ہے۔ نوجوانوں کو منشیات اور انتہا پسندی سے بچانے کیلئے خصوصی لیکچرز، کانفرنسز اور روڈ واک کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ لیگ بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔