سنگل فری منصوبے کاپہلا مرحلہ مکمل، ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

پیر 30 نومبر 2015 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) سنگل فری ایکسپریس وے کے منصوے کے پہلے مرحلے میں دو نئی لین کے اضافے اور آئی 8-انٹرچینج پر ڈیک(گررڈرز ) کی تنصیب کے بعد اسلام آباد ایکسپریس وے کو مکمل طورپر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ آئی8-انٹرچینج کو آئندہ 4 روز میں مکمل طورپر آپریشنل کردیا جائیگا۔ منصوے کی کارپٹنگ ،لین مارکنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ لینڈ سکپنگ کے عمل کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

پیر کو چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل ، ممبر ایڈمن عامر علی احمد نے انجینئرنگ ونگ کے سینئر افسران کے ساتھ منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے ترقیاتی کاموں کے آخری مراحل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ منصوبے کے اہم حصے آئی 8-انٹرچینج پر گرڈرز کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس انٹرچینج کو آئندہ 4 روز میں مکمل طورپر آپریشنل کردیا جائیگا۔

اس منصوبے کے سکوپ میں شامل بنیادی کاموں کی تکمل کے بعد یہ منصوبہ عملی طورپر مکمل کرلیا گیا ہے اس منصوبے کی کارپٹنگ اور تعمیر کے دیگر مراحل کو جرمن ماہر کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں منصوبے کے بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کی اہم ترین شاہرہ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے ٹریفک مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

اس موقع پر چیئرمین نے بتایا کہ منصوبے میں شامل نئی لینز کے ساتھ ساتھ حفاظتی دیوار اور لینڈ سکینگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اس کی ماحولیاتی پہلوؤں کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کیلئے نئے پودے لگانے اور لینڈسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ اس منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل تمام متعلقہ شعبوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔