کراچی،پاکستان اسٹیل ملازمین ملازمین کی تنخواہیں بلدیا تی الیکشن سے پہلے ادا نہ کرنے کی صورت میں الیکشن ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی

پیر 30 نومبر 2015 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان اسٹیل ملازمین کے ملازمین نے تنخواہیں بلدیا تی الیکشن سے پہلے ادا نہ کرنے کی صورت میں الیکشن ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دیدی ہے ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ وعدوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) میں ملازمین پاکستان اسٹیل کی چار ماہ کی تنخواہوں میں سے دو ماہ کی تنخواہوں کی منظوری کے باوجود ابھی تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں اور کوئی پرسان حال نہیں جبکہ ملازمین کی حالت ابتر ہوچکی ہے گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے۔

(جاری ہے)

پاسلو کے صدر حاجی خان لاشاری اور ظفر خان نے ملاز مین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ مافیا کا احتساب کرنے کو کوئی تیار نہیں سزا ملازمین کو دی جارہی ہے ،حکمران ان کے حقوق کی بات کرنے کوتیار نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف اور گریجوٹی کی مد سے ملازمین کے 45 ارب غیر قانونی طور پر استعمال کیے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین اپنی ہی کنٹری بیوشن سے لون نہیں لے پارہے اور ریٹائرڈ ملازمین اپنے واجبات سے محروم ہیں ․ لہذاء فوری طور پر احتساب کے ذریعے لوٹی گئی رقم وصول کرکے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیئے جائیں․