پنجاب حکومت ایچ آئی وی/ایڈز کی روک تھام پر سالانہ 400ملین روپے خرچ کررہی ہے،خواجہ سلمان رفیق

ڈاکٹر ساجد کا ایڈز کے بارے میں آگاہی سیمینار سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 22:14

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی/ایڈز کی بیماری کی روک تھام اور وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لئے یونائیٹڈنیشن ایڈز کنٹرول پروگرام کی 2016سے2020تک کی حکمت عملی پر پنجاب میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا-انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایڈزکنٹرول پروگرام پر سالانہ 400ملین روپے خرچ کررہی ہے اور نئے پی سی ون میں مزید فنڈز فراہم کئے جائیں گے-انہوں نے یہ بات ورلڈ ایڈز ڈے کے سلسلہ میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ایڈز کے بارے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد، یونیسف کی نمائندہ ڈاکٹر نائلہ شاہد، یو ایس ایڈز کی ڈاکٹر فہمیدہ، گلوبل فنڈ کے نمائندے ڈاکٹر ساجد، PACPکے ڈپٹی منیجر ڈاکٹر فیصل، انٹرنیشنل پارٹنرز، این جی اوز کے نمائندوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور خواتین و حضرات کے علاوہ خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے آگاہی سیمینار میں شرکت کی-سیمینار کے مقررین نے کہا کہ ایڈز کی بیماری پھیلنے کی بہت سی وجوہات ہیں اور اس بیماری کو سٹگما نہیں سمجھنا چاہیے اور اس بیماری میں مبتلا مردوخواتین کے ساتھ امتیازی سلوک یا نفرت کا اظہار درست نہیں- سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلمان شاہد نے بتایا کہ PACPکو صوبائی حکومت کے وسائل سے چلایا جارہا ہے اور ساری فنڈنگ حکومت پنجاب کررہی ہے-انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں تک رسائی بڑا چیلنج ہے کیونکہ سوسائٹی کے رویے اور دیگروجوہات کی بنا پر ایڈز کے مریض رپورٹ کرنے سے کتراتے ہیں-ڈاکٹر سلمان شاہد نے کہا کہ پنجاب میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 6152ہے جنہیں مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ایڈز سے متاثرہ خواتین کے پیدا ہونے والے بچے کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے بہت حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ ایڈز سے متاثرہ 177حاملہ خواتین کے یہاں صرف 2بچے ایچ آئی وی پازیٹو پیدا ہوئے ہیں جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے-گلوبل فنڈ کے نمائندے ڈاکٹر ساجد نے کہا کہ اگرچہ پنجاب کی آبادی پورے ملک کی آبادی کا نصف ہے تاہم بیماریوں کی روک تھام میں پنجاب پورے ملک میں لیڈ لے رہا ہے اور بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اشاریے سب سے بہتر ہیں-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایڈز کی روک تھام کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی ، غیرسرکاری سماجی تنظیموں ، میڈیا، مذہبی لیڈروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی-انہوں نے ہدایت کی کہ UNAIDS کی حکمت عملی کو فاسٹ ٹریک پر پنجاب میں اپنانے کے لئے ٹائم فریم کے ساتھ کام کیا جائے-Zero new HIV Infection کے تھیم کو عملی شکل دینے کے لئے انتہائی محنت کے ساتھ کام کرنا ہو گا -انہوں نے کہا کہ ایڈز سے محفوظ رہنے کا واحد ذریعہ احتیاط اور پرہیز ہے جس کے لئے زیادہ سے زیادہ آگاہی کا پیغام معاشرے میں عام کیا جائے - خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ محفوظ انتقال خون کے لئے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو موثر اور با اختیار بنانے کے لئے قانون سازی بہت جلد کی جا رہی ہے-

متعلقہ عنوان :