لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا

پیر 30 نومبر 2015 22:14

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر آئی جی پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب کر لیا۔ پیر کو جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار راحت پروین نے موقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر سب انسپکٹر طار ق محمود دفتری امور نمٹانے کے دوران روڈ ایکسیڈینٹ میں جاں بحق ہو گیا مگر اس کے باوجود محکمہ پولیس نے اسے شہید کا درجہ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ نے اس کی درخواست پر آئی جی پنجاب کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں مگر انہوں نے اس کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر آئی جی پنجاب مشتا ق سکھیراکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر عدالت نے آئی جی پنجاب کو دس دسمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔