افغانستان ، سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں داعش اور طالبان کے 33 جنگجو ہلاک ، 15 زخمی

طالبان کے حملوں میں 8 افغان فوجی مارے گئے ،کابل میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نجی ٹی وی کے سربراہ کو قتل کردیا،افغان انٹیلی جنس کا داعش اور طالبان کے 13 جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ

پیر 30 نومبر 2015 21:59

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں داعش اور طالبان کے 33 جنگجو ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ،طالبان کے حملوں میں 8 افغان فوجی بھی مارے گئے ،کابل میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نجی ٹی وی کے سربراہ کو قتل کردیا،افغان انٹیلی جنس نے داعش اور طالبان کے 13 جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

پیر کوافغان میڈیا کے مطابق صوبہ قندوز اور جاؤزجان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 20 عسکریت پسند ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔افغان نیشنل آرمی کے ترجمان میجر غلام حضرت کریمی نے بتایا ہے کہ افغان ائیرفورس نے ارباب ہاشمی کے علاقے میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔افغان نیشنل آرمی کے قندوز سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ فضائی کاروائی میں دہشتگردوں کی تین گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء افغان سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں 4 عسکریت پسنداور8 فوجی مارے گئے ۔افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں آپریشن کے دوران داعش اور طالبان کے 13 جنگجوؤں کو گرفتارکرلیا۔این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ عسکریت پسند باٹی کوٹ نازیان،چھپرہار اور غنی خیل کے اضلاع میں متحرک تھے ۔

دہشتگردوں کے قبضے سے چار فوجی وردیاں ،بم اور دیگر مواد برآمد ہوا ہے ۔اسی صوبے میں جھڑپ کے دوران داعش کے 9 جنگجو ہلاک اور 5 زخمی بھی ہوئے ہیں۔ادھر دارالحکومت کابل میں نجی ٹی وی چینل کے مالگ کو گولی مار کرقتل کردیا گیا ۔کابل پولیس کے مطابق واقعہ 8ویں پولیس ضلع میں پیش آیا جہاں امان اﷲ عطی کو انکے گھر کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔کابل پولیس کے کریمنل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ فریدون اوبدائی کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد 2مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔