پی کے۔4میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلا دیا ، جس سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہو گئے ،بہت جلدعلاقے کے عوام ماضی کے مقابلے میں نمایاں اور مثبت تبدیلی محسوس کریں گے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی عارف یوسف ایڈوکیٹ کی ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ کے موقع پر گفتگو

پیر 30 نومبر 2015 21:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پی کے۔4میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلا دیا گیا ہے جس سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہو گئے ہیں اور آئے روز بے بنیاد الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ہم نے پی کے۔4کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور بہت جلدعلاقے کے عوام ماضی کے مقابلے میں نمایاں اور مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے۔4میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹاؤن ممبر فخر عالم،جنرل کونسلر عامر وسیم اور علاقہ عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔معاون خصوصی عارف یوسف نے اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار کو تیزاور معیار کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے عارف یوسف نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوام کے مسائل بہتر اندازمیں حل ہونے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پی کے۔4 میں ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور کام جاری ہیں۔اگلے تین دنوں میں پشاور صدر میں سوئی گیس پائپ لائنیں بچھا دی جائیں گی جبکہ گلبرگ ،نوتھیہ،سواتی پھاٹک،لنڈی ارباب،امین کالونی اور سور کمرکی سڑکوں کے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں جبکہ بعض مکمل بھی ہو چکے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہاکہ علاقے کے پانی کے مسائل حل کرنیکے لئے5ٹیوب ویلوں کی تنصیب کی جا چکی ہے جبکہ پشاور کینٹ میں پیدل چلنے والے لوگوں کی سہولت کے لئے چار اوور ہیڈ پل بنائے جائیں گے جس کے لئے پشاور ترقیاتی ادارے کو منصوبے پر کام شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔عارف یوسف ایڈوکیٹ نے واضح کیاکہ پی کے۔4کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے جن علاقوں میں تا حال ترقیاتی کام شروع نہیں ہوئے بہت جلد وہاں پر بھی ترقیاتی منصوبوں کا آغازکر دیا جائے گا۔