اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ، پیچیدہ بیلٹ پیپرز کی وجہ سے کم پڑھے لکھے اور سادہ لوح ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا

پولنگ اسٹیشن پر تعینات عملے کی مناسب تر بیت نہ ہونے کی وجہ سے ووٹرؤں کو شدید مشکلات کا سامنا،،ووٹ کی تصدیق کے عمل میں تاخیر کی وجہ سے ووٹرؤں کو کئی کئی گھنٹے لمبی لائنوں میں لگ کر انتظار کر نا پڑا، کئی ووٹرز بغیر ووٹ پول کئے واپس چلے گے

پیر 30 نومبر 2015 21:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) وفاقی دارلحکومت میں پہلے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پیچیدہ بیلٹ پیپرز کی وجہ سے کم پڑھے لکھے اور دیہات سے تعلق رکھنے والے عام شہریوں کو اپنے امیداوار کی شناخت اور اسے ووٹ ڈالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔اکثر ان پڑھ اور سادہ لوح شہری انتخابی عملے اور پڑھے لکھے ووٹرز سے مدد طلب کر تے رہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں پہلی بار ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مختلف عہدؤں کے امیدواروں کے بیلٹ پیپرز 6مختلف رنگوں میں چھاپے گئے تھے جس کی وجہ سے بعض ووٹرز کو اپنے امیدوروں کی شناخت اور انہیں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کر نا پرا،بعض ان پڑھ اور دیہاتی ووٹرز بیلٹ پیپرز کے حصول کے بعد انتخابی عملے کے ارکان سے استفسار کر تے رہے کہ فلاں کونسلر ،چیئر مین یا آزاد امیدوار کا نام کس رنگ کے بیلٹ پیپرز میں درج ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ووٹرز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کے پیچیدہ نظام کی کوئی تشہیر نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی کمپئین چلائی جس سے سادہ لوح ووٹرز کو انکے پسندیدہ امیدوا ر کے بیلٹ پیپرز کی مناسب شناخت ہو سکے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشن پر تعینات عملے کی مناسب تر بیت نہ ہونے کی وجہ سے ووٹرؤں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ عملے کی جانب سے ووٹر کی تصدیق کے عمل میں تاخیر کی وجہ سے ووٹرؤں کو کئی کئی گھنٹے لمبی لائنوں میں لگ کر انتظار کر نا پڑا، کئی ووٹرز لمبی لائنوں کی وجہ سے بغیر ووٹ پول کئے واپس چلے گے