بلاول بھٹو زرداری نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میمن گوٹھ فٹبال گراؤنڈ میں جلسے کا فضائی جائزہ لیا

پیر 30 نومبر 2015 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے کے موقع پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میمن گوٹھ فٹبال گراؤنڈ میں شرکاء کا فضائی جائزہ لیا ۔ بلاول بھٹو زرداری کا ہیلی کاپٹر نچلی پرواز پر تھا ۔ جلسے کے شرکاء نے ہیلی کاپٹر کو دیکھ کر جئے بھٹو ، جئے بے نظیر اور جئے بلاول کے نعرے لگائے ۔

بلاول بھٹو زرداری جب اسٹیج پر آئے تو انہوں نے اپنی سکیورٹی کو پیچھے کر دیا اور عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر بھرپور انداز میں جواب دیا ۔ بلاول بھٹو زرداری پارٹی قیادت کے ساتھ سکیورٹی خدشات کے باوجود اسٹیج پر بیٹھے رہے ۔ اس موقع پر سلمان عبداﷲ مراد نے انہیں پگڑی پہنائی اور خود آمدید کہا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے تقریر اسٹیج کے ساتھ خصوصی بلٹ پروف ٹرک میں کی ۔

تاہم جلسے کے اختتام پر وہ ٹرک کے اوپر کھڑے ہو گئے اور 10 منٹ تک نعرے لگواتے رہے ۔ بلاول بھٹو زرداری کو اپنے درمیان دیکھ کر عوام نے بھرپور خوشی کا اظہا رکیا ۔ جلسے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور خواتین پولیس کا خصوصی دستہ بھی تعینات تھا ۔ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے تمام شرکاء کی تلاشی کی گئی ۔ جلسے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بے نظیر بھٹو ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر آویزاں تھیں اور جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں سے سجایا گیاتھا پارٹی ترانوں پر جیالیوں نے رقص کیا ۔ جلسے میں ملیر کے مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔