بلدیاتی اداروں کے بطور چیئرمین زیادہ سے زیادہ پارٹی ورکرز کو آگے لایاجائیگا ،وزیراعظم نوازشریف نے واضح پالیسی بنا د ی ہے کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی کے بھائی ،بھتیجے ،بھانجے، چاچے ،تائے کو بلدیاتی ادارو ں کے سربراہ کے طورپر نہیں لایاجائیگا

وفاقی وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلیکا استقبالیہ تقریب سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:43

خانیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہاہے کہ بلدیاتی اداروں کے بطور چیئرمین زیادہ سے زیادہ پارٹی ورکرز کو آگے لایاجائیگا ،وزیراعظم نوازشریف نے واضح پالیسی بنا د ی ہے کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی کے بھائی ،بھتیجے ،بھانجے، چاچے ،تائے کو بلدیاتی ادارو ں کے سربراہ کے طورپر نہیں لایاجائیگا۔

وہ گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ ضلع خانیوال کے صدر نومنتخب کونسلرراناعبدالرحمن خاں کی طر ف سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اس پالیسی کا بنیادی مقصد کارکنوں ،ورکروں کوآگے لانا ہے جو پارٹی کے لیے مارے کھاتے ہیں اورپارٹی کو زندہ رکھتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ پالیسی مرتب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وارڈ نمبر 20کی مسیحی برادری کوخراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے اپنے بھرپور تعاون سے راناعبدالرحمن خاں کو کامیاب بنایا۔

انہوں نے رانا عبدالر حمن خا ں کو کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اگلی کا میابی بھی ان کا مقد رہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم مسیحی اتحاد کی یہ فضاء قابل تحسین ہے ملک وقوم کو اس کی سخت ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی نشان شیر ملک کی سا لمیت کا نشان بن چکا ہے ۔بلدیاتی انتخابات درحقیقت مڈٹرم انتخابات تھے پوری قوم نے شیر پر مہرلگاکر حکومت کی پالیسیوں کی تائید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے ملک وقوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کردیاہے پورے ملک میں موٹروے کا جال بچھایاجارہاہے ۔دکھی اورپریشان حال کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کسان پیکج دیاگیاہے۔بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں۔ماضی میں 18,18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جو کم ہوکر6گھنٹے رہ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سول اورفوجی قیادت پوری یکجہتی کیساتھ ایک پیج پر ہے ۔

ملک سے دہشتگردی کاخاتمہ اورامن کی بحالی موجودہ حکومت کی پالیسیوں کانتیجہ ہے اور اس حوالے سے پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔کراچی میں امن قائم ہورہاہے اورآپریشن ضرب عضب کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں پاکستان ترقی کی منازل طے کررہاہے۔ یو رپ کی طرز پر ترقی کاعمل تیزی سے جاری ہے ۔محنت کشوں ،کسانوں،نوجوانوں کیلے موجودہ حکومت ترقی وخوشحالی کاپیغام ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے ضلعی صدر راناعبدالرحمن خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وارڈ نمبر20میں 30سال میں پہلی مرتبہ مسلم مسیحی اتحاد قائم ہوا اورایک نئی تاریخ ر قم کی ۔ اس موقع پر رانا عبدالرحمن خاں نے خرم پورہ کے لیے بجلی کامنصوبہ منظوری کے لیے پیش کیا جسے وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی منظور کرلیا۔تقریب سے تنویر شاہین نے بھی خطاب کیا اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹومیپکو فضل اﷲ دروانی،کوآرڈینٹر یوتھ ونگ پنجاب چوہدری جاوید نیاز،ایس ای آپریشن ملتان شاہد حمید چوہان،ایس ای آپریشن خانیوال محمود احمد خان ، سیکرٹری واپڈ اٹاؤن سعید احمدخان،چوہدری طارق نیاز، رانافرمان محمود،راناعمران محمود، رانا وقار نثار،راناکامران عمر،راؤ زاہدا ختر، حاجی راؤ عبدالوحید،راؤ طاہر، شکور حسین بڈانہ،رانا عبدالشکور فوجی،سلیم سمرا،جیمس چوہان،ہارون بھٹی، عمرحیات گل،پرویز جان،جمیل نیئراورمنتخب کو نسلرز ،معززین علاقہ اوریوتھ ونگ کے عہدیداروں ،کارکنوں اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی جب تقریب میں پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی۔