نواز شریف پر نیب کے 12 مقدمات ہیں، زرداری، فضل الرحمن پر بھی مقدمات ہیں، ایسے لوگ ملک وقوم کی کیا خدمت کرینگے، عمران خان

حکومت نے دھاندلی کے ذریعے شکست دینی ہے اور ہم نے دھاندلی ہونے نہیں دینی،موٹروے سمیت ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کھائی جارہی ہے، پیرس روڈ سیالکوٹ میں عوام سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:15

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پر نیب کے بارہ مقدمات ہیں اور اسی طرح کی صورتحال آصف زرداری ، ایم کیو ایم اور فضل الرحمن سمیت دیگر پر بھی مقدمات ہیں اور ایسے لوگوں نے ملک وقوم کی کیا خدمت کرنی ہے ۔پیرس روڈ سیالکوٹ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کاعزیز محسن لطیف این اے122کے الیکشن کے وقت اسی حلقہ سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن ہارگیاتو اس نے دھاندلی کا الزام لگادیا حالانکہ دھاندلی کا الزام تو تحریک انصاف بھی لگاتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق گورنر چوہدری سرور کل ریٹرننگ آفیسر کی دھاندلی کے بارے میں ریکارڈنگ سنائیں گے اور بتائیں گے کہ حقیقت کیا ہے اورپریشر کون ڈالتا ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت نے دھاندلی کے زریعے شکست دینی ہے اورہم نے دھاندلی نہیں ہونے دینی ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تھکا نہیں ہوں بلکہ میں آپ کاساتھ نہ چھوڑنے کا وعدہ کرتا ہوں اس لئے قوم 5دسمبر کو ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کو شکست فاش دیں اور سیاسی میدان سے آؤٹ کردیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ موٹر ویے سمیت ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کھائی جارہی ہے اور یہ حکمرانوں کا اصل ٹارگٹ جنہیں نہ تو پاکستان سے دلچسپی ہے اور نہ ہی انہیں قوم کے مسائل حل کرنے سے دلچسپی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم غیور ہے جو ملک وقوم کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے لیکن سازشیں کرنے والے ان کو تنگ کررہے ہیں اس لئے قوم ان کا مقابلہ دلیری سے کرے ۔ قبل ازیں عمران خان وی آئی پی فیکٹری ہیلی کاپٹر پر آئے اور وہاں سے انکو ریلی کی شکل میں پیرس روڈ پر لایا گیا۔