شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کیلئے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی ،میر صادق عمرانی

بھارتی وزیراعظم کو تھپڑ مارنے والے کو5لاکھ روپے اورآنے جانے کا خرچہ دیا جائیگا،حاجی اشرف کاکڑ کا یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے مظلوم و محکوم عوام کے حقوق کیلئے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جس نے مظلوم طبقے کو ایک جھنڈے تلے متحد کردیا پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ شہید کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیراہتمام پیپلز پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کے مہمان خصوصی حاجی اشرف کاکڑ تھے۔ جلسہ سے حاجی اشرف کاکڑ،پیپلز یوتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے صدر قاسم خان اچکزئی ،سیداقبال شاہ ، ،حمیدکاکڑ،سابق صوبائی وزیر جعفر جارج ،غلام جیلانی شاد،حفیظ مینگل ، جہانگیر ترین ،کامریڈ علی باران ،ثناء اﷲ جتک ، سفر زہری ، ناصرآغا،پروین مینگل ،شاہ جان گجراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

میر صادق عمرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شہید قائد ذوالفقارعلی بھٹو نے استحصالی قوتوں کے خلاف عوام کو زبان دی پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے عوام کے حقوق اور ملک میں جمہوریت کیلئے کوڑے کھائے لیکن اپنے اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیاپیپلز پارٹی کو ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یوم تاسیس کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا بے آئین ملک کو آئین دیا اور عوام کے حقوق کے لیے تختہ دار کو چوما لیا شہید ذوالفقار علی بھٹو پھانسی پر چڑھ گے مگر عوام کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے بانی رکن و مرکزی رہنما حاجی اشرف کاکڑ نے کہا کہ شہید بھٹو نے اس وقت پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی جب پاکستان کے مفادات کا سودا کیا جا رہا تھا اور جیتی ہوئی جنگ کو شکست میں بدلہ جا رہا تھا غریب عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم تھے ان کے مقدر کے فیصلے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے پاس ہوتے تھے غریب ، غریب تر اور امیر ، امیر تر ہو رہا تھا شہید بھٹو نے ان حالات میں اپنے عوام کو اس طرح آواز دی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی صدر حسینہ واجد نے پاکستان توڑنے کا خود اعتراف کیا ہے لیکن مسلم لیگ(ن) اور وزیراعطم نواز شریف نے انکے خلاف کارروائی کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کی بجائے بھارت سے کرکٹ کھیلنے کی باتیں کر رہے ہیں جس پر انہیں شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اکبر خان بگٹی نے گوادر کو 90ہزار روپے میں خرید کر پاکستان میں شامل کیا یہ یہاں کے عوام کی ملکیت ہے جس پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے پاک چائنا کوریڈور کا فیصلہ شہید محترمہ بے نظیربھٹو اور آصف علی زردار ی کے دوراقتدارمیں ہوا تھا جس میں کسی قسم کی تبدیلی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

حاجی اشرف کاکڑ نے اعلان کیا کہ جو بھی شخص بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو تھپڑ مارے گا اسکو 5لاکھ روپے انعام اور آنے جانے کا خرچہ دیا جائے گا۔ جلسہ سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے صدر قاسم خان اچکزئی ،سیداقبال شاہ ، ،حمیدکاکڑ،سابق صوبائی وزیر جعفر جارج ،غلام جیلانی شاد،حفیظ مینگل ، جہانگیر ترین ،کامریڈ علی باران ،ثناء اﷲ جتک ، سفر زہری ، ناصرآغا،پروین مینگل ،شاہ جان گجرنے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی بھرپور قوت کے طور پر سامنے آرہی ہے انشاء اﷲ آئندہ مستقبل پیپلز پارٹی کا ہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نظریاتی سرحدوں کی امین اور محافظ جماعت ہے جس نے وطن عزیز کو خوشحال اور طاقتور بنایا اورقائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر پاکستان اور ملت اسلامیہ کا وقار دنیامیں بلند کیا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی درحقیقت غریب لوگوں کی آواز ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتی جب تک سورج چاند ستارے اپنی کرنیں بکھیرتے رہیں گے اس وقت تک پسے ہوئے طبقات کے لیے شہداء کے افکار ونظریات زندہ و تابندہ رہیں گے۔

انہوں نے کہاقائد اعوام ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو نے ضیاء الحق جیسے آمر کے طویل ترین مارشل لاء کا مقابلہ کیا پیپلز پارٹی کے سرفروش کارکنوں نے جیلیں کاٹیں کوڑے کھائے ملٹری کورٹس کاسامنا کیاجلاوطنی کی سزائیں بھگتیں لیکن ملک اور قوم کے لیے کسی ڈکٹیٹر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر کٹوانے کو ترجیح دی۔مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس کے نظریات سے نہ کوئی ہٹا سکا اور نہ کوئی ہٹا سکے گاپیپلز پارٹی بلاول بھٹو زدادری کی قیادت میں ملک میں فعال اور مضبوط ہورہی ہے ۔