اہل کراچی ظلم و جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

5 دسمبر کو اہل کراچی شہر کو خوف و دہشت کی علامت بنانے والوں کو شکست دینگے، حیدری میں الیکشن آفس کا افتتاح اورخطاب

پیر 30 نومبر 2015 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی اور امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل 18، نارتھ ناظم آباد، حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی ظلم و جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، 5 دسمبر کو اہل کراچی اس شہر کو خوف و دہشت کی علامت بنانے والوں کو شکست دیں گے اور شہر کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور اخوت و محبت اورامن کا پیغام پھیلانے والوں کو ووٹ دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب یونین کمیٹی 18 نارتھ ناظم، حیدری تھانہ کے پاس الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین کے امیدوار نزاکت عباسی و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جو لوگ کراچی میں اپنا حق جتا رہے ہیں انہوں نے پچھلے 30 سالوں میں کراچی کو کیا دیا، کراچی میں بدامنی، دہشت گردی اور بوری بند لاشوں کا کلچر پروان چڑھایا گیا، تعلیم و تربیت کے بجائے لوٹ مار کو عام کیا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے اداروں کو سیاسی بھرتیوں کے ذریعے تباہ و برباد کیا گیا، کراچی مسلسل تنزلی کی طرف جا رہا ہے اسے کراچی کے عوام ہی تنزلی سے بچا سکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کے روشن مستقبل کیلئے امید کی کرن ہے، کراچی کی روشنیوں کو بحال، قیام امن اور دیگر مسائل کا حل قابل اور دیانتدار دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اس لئے کراچی کی عوام 5 دسمبر کو بلا خوف و خطر اپنے گھروں سے نکلیں اور ووٹ کی طاقت سے اپنی اور اس شہر کی قسمت کو تبدیل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو بدلنے اور سنوارنے کے لیے کراچی کی بلدیہ کو ٹھیک ہاتھوں میں دینا ہو گا ۔کراچی کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔ شہر کی تعمیر وترقی کے لیے شہر کی قیادت کا ٹھیک ہو نا ضروری ہے جو لوگ 260لوگوں کو زندہ جلا دیں وہ شہر کو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دے سکتے ۔

ہم کراچی کو عالم اسلام کے لیے ماڈل شہر بنائیں گے، کرپٹ لیڈر شپ کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتی ۔دیانتدار قیادت ہی کرپشن کا خاتمہ کرسکتی ہے اور دیانت دار قیادت جماعت اسلامی ہی کے پاس ہے۔کراچی کی معاشی ترقی بھی مثالی ہوگی ۔مایوسی کو ہم ختم کرکے دم لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :