اسد اﷲ بھٹو ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی کے چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

پیر 30 نومبر 2015 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء ) جماعت اسلامی کی مرکزی شوری ٰ کے فیصلے کے مطابق جماعت کے اندرونی انتخابات کیلئے نائب امیر اسد اﷲ بھٹو ایڈووکیٹ کی نگرانی میں الیکشن کمیشن قائم کردیا گیا ہے اورگزشتہ ماہ ہونے والے شوریٰ کے اجلاس میں اسداﷲ بھٹو کو چیف الیکشن کمشنر منتخب کیا گیاتھا ۔منصورہ میں منعقدہ مرکزی و صوبائی ذمہ داران اور کارکنان کی ایک تقریب میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اسد اﷲ بھٹو سے ان کی نئی ذمہ داریوں کا حلف لیا ۔

شوری ٰ نے انتخابی عذر داریوں اور شکایات کے ازالے کیلئے اسد اﷲ بھٹو ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ایک الیکشن ٹربیونل بھی تشکیل دیدیا ہے ۔تقریب میں نائب امراء حافظ محمد ادریس ،راشد نسیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،حافظ ساجد انور اور محمد اصغر، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکراﷲ مجاہد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ایک بااعتماد ،شفاف اور غیر جانبدار انتخابی نظام سے ہی اہل اور دیانتدار قیادت سامنے آسکتی ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان فوری طور پر مجوزہ انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ صرف انہی سیاسی پارٹیوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہئے جن کے اندر الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابات باقاعدگی سے ہوتے ہوں ۔جن پارٹیوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں وہ کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتی ہیں ۔