یورپی یونین کاترکی کو 3ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان

ترک شہریوں کیلئے یورپ میں ویزے کی پابندیاں ختم کی جائیں،ترک وزیراعظم کا مطالبہ

پیر 30 نومبر 2015 18:04

یورپی یونین کاترکی کو 3ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) یورپی یونین اور ترکی کے درمیان برسلز میں ہونے والے ایک اجلاس میں مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے انقرہ کے لیے تین ارب ڈالر سے زائد مالی امداد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ترکی کو یورپی یونین کی رکنیت دلانے کی حمایت کی بات بھی کی گئی ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوگلونے برسلز میں یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ملاقات میں معاہدہ طے پا جانے کے بعد اپنے بیان میں اس دن کو یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کا 'تاریخی دن قرار دیا،اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ یورپی یونین نے دو برسوں میں ترکی کو تین ارب پاؤنڈ دینے کی پیش کش کی ہے تاکہ وہ اپنی سرحدوں پر سخت انتظامات اور ملک میں موجود تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی حالت زار کو بہتر بنا سکے،دوسری جانب انقرہ کو امید ہے کہ ان مذاکرات کے ذریعے ترکی کی یورپی یونین کی رکنیت کی درخواست کو ایک نئی تحریک بھی ملے گی،اجلاس میں ترکی کی نمائندگی وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے کی، یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹْسک بھی اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

تاہم فریقین کی جانب سے شرائط لگانا لازمی سی بات ہے۔ یورپ ترکی کی مالی معاونت اور اٹھائیس رکنی یورپی یونین کے بلاک میں اس کی شمولیت کے عوض مہاجرین کے مسئلے پر انقرہ کا مؤثر تعاون چاہتا ہے۔اجلاس میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ ترک افراد کے یورپ سفر کے لیے اکتوبر 2016 تک ویزے کی شرط اٹھا لی جائے گی تاہم ترکی کو اس وقت تک یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اپنے یہاں سے مہاجرین کی یورپ منتقلی کو قابو میں رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :