Live Updates

بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے‘وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف،چین نے پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کا اعلان کر کے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں،برطانیہ میں مقیم پاکستانی صنعت کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ اس میں منافع بھی ہے اور ملک کی خدمت بھی،انرجی کے شعبے میں چین کی سرمایہ کاری کو قرضے قرار دینے والوں نے پاک چین دوستی کے جذبے کا مذاق اڑایا،لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے خواب کی تعبیر کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں،2018تک مکمل قابو پا لیں گے،پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کے لئے پاک فوج ‘ سکیورٹی اداروں کے افسروں اور جوانوں اور شہریوں نے تاریخی قربانیاں دی ہیں،میرا ایمان ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی دین ہے اور وہ ہمیں ترقی کی اعلیٰ ترین منزلوں سے دور نہیں رہنے دے گا،وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا لندن میں ورلڈ کانگرس آف اوورسیز پاکستانیز سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 23:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29نومبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان حالیہ دنوں میں بہت مشکل وقتوں سے گزر ا ہے لیکن اب اللہ کے فضل سے ایک روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے -یہ بات انہوں نے لندن میں ورلڈ کانگرس آف اوورسیز پاکستانیز سے خطاب کرتے ہوئے کہی -انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی پاکستان کاسفیر ہے اور پاکستانی تاجر ،سرمایہ کار،صنعت کار ،دانشور اور دوسرے ممتاز افراد نہ صرف دنیا کے مختلف ممالک کی معیشت اور معاشرت میں ترقی کا باعث بن رہے ہیں بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کر رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ چین نے پاک چائینہ اکنامک کوریڈور کا اعلان کر کے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں -برطانیہ میں مقیم پاکستانی صنعت کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں-اس میں منافع بھی ہے او رملک کی خدمت بھی - انہوں نے کہا انرجی کے شعبے میں چین کی سرمایہ کاری کو قرضے قرار دینے والوں نے پاک چین دوستی کے جذبے کا مذاق اڑایا-وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے خواب کی تعبیر کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں -انہو ں نے کہا کہ پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کے لئے پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے افسروں اور جوانوں اور شہریوں نے تاریخی قربانیاں دی ہیں -میرا ایمان ہے کہ پاکستان اللہ کی دین ہے اور وہ ہمیں ترقی کی اعلی ترین منزلوں سے دور نہیں رہنے دے گا-وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دہشت گردی کا آسیب راتوں رات نہیں آیا تھا اور نہ ہی اسے ایک دن میں شکست دی جا سکتی ہے لیکن ہمارا عزم پختہ،نیت صاف اور سمت سفردرست ہے اس لئے ہمیں یقین ہے کہ ہم انشاء اللہ دہشت گردی کے عفریت پر جلد قابو پا لیں گے -جہاں تک توانائی کی قلت کا تعلق ہے ہم نے اپنا روڈ میپ بتدا میں ہی تیار کر لیا تھا اور اب اس پر تندہی سے عمل کر رہے ہیں -اگر حکومت کی راہ میں روڑے نہ اٹکائے گے تو ہم انشاء اللہ 2018تک لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے -

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات