Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت احتساب کے نظام میں انصاف کے تقاضے پور ے کرنے کیلئے قانونی ترمیم لارہی ہے تاکہ احتساب کے مقدمات میں ملوث ملزموں کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور انکے مقدمات کی انکوائری زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل ہو ، کسی کو بے جا تنگ نہ کیا جا سکے اور مکمل تحقیقات کے بعد ملزموں پر ہاتھ ڈالا جائے ، کرپشن کے مقدمات کو20,20 سال تک زیر التوا رکھ کر ملزموں کو بلیک میل کیاجاتا ہے جو انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے ، تحریک انصاف کی حکومت اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، سابقہ حکمرانوں نے ترقیاتی وسائل سے اپنی تجوریاں بھر کر ترقیاتی منصوبوں کا بیڑا غر ق کیا ، ہم صوبے کو ٹھیک اور اداروں کو بحال کر رہے ہیں جس سے سابق حکمرانوں کے کرپٹ چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں اسلئے یہ عناصر صوبائی حکومت کے احتساب کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک کا ضلع نوشہرہ میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 22:42

خیبرپختونخوا حکومت احتساب کے نظام میں انصاف کے تقاضے پور ے کرنے کیلئے ..

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت احتساب کے نظام میں انصاف کے تقاضے پور ے کرنے کیلئے قانونی ترمیم لارہی ہے تاکہ احتساب کے مقدمات میں ملوث ملزموں کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور انکے مقدمات کی انکوائری زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل ہو اور کسی کو بے جا تنگ نہ کیا جا سکے اور مکمل تحقیقات کے بعد ملزموں پر ہاتھ ڈالا جائے انہوں نے کہاکہ کرپشن کے مقدمات کو20,20 سال تک زیر التوا رکھ کر ملزموں کو بلیک میل کیاجاتا ہے جو انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے ترقیاتی وسائل سے اپنی تجوریاں بھر کر ترقیاتی منصوبوں کا بیڑا غر ق کیا ہے اور دو نمبر تعمیرات کی حقیقت اب کھنڈرات کی صورت میں واضح ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ ہم صوبے کو ٹھیک کر رہے ہیں اور اداروں کو بحال کر رہے ہیں جس سے سابق حکمرانوں کے کرپٹ چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں اسلئے یہ عناصر صوبائی حکومت کے احتساب کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں تاہم انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت وڈیروں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور صوبے کے غریب عوام کو انکا حق دلانے کے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی وہ اتوار کے روز پیرپیائی اور زریات کا کا صاحب ضلع نوشہرہ میں منعقدہ عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے پیرپیائی میں سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما جنرل (ر) نصیر الله بابر مرحوم کے چچا زاد بھائیوں خالد جمشید بابر، خالد جاوید بابر، خالد اصغر بابر، اکرام الله بابرسجید الله بابر، عدنان بابر،نعمان بابراور خاندان کے دیگر ارکان جبکہ زیارت کا کا صاحب میاں جمیل الدین ناظم زیارت کاکا صاحب نے اپنے خاندان اور تمام ساتھیوں سمیت پی پی پی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جلسوں کی صدارت صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل نے کیجلسوں سے سابق ناظم عدنان نوید بابرڈسٹرکٹ کونسلر شوکت اللہ،صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل، میاں جمیل الدین کاکاخیل ناظم نے خطاب کیا اور اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمرا ہ پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، احد خٹک ، تحصیل نائب ناظم زر عالم خان، امجد اعظم عرف قائداعظم بھی موجودتھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کوناکام حکومت کہنے والے اپنے گریبان میں جھانک کردیکھیں۔سابقہ حکمرانوں نے اپنے دور اقتدارمیں صوبے کے تمام محکموں اور اداروں کوتباہ کردیا۔

ان کا مقصد کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں تھا۔ انہیں غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ان کاماضی اور حال پوری پختون قوم کو معلوم ہے۔پہلے ان کی کیا حیثیت تھی اور آج وہ کس حیثیت میں ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ سابقہ دور کی بنی ہوئی تمام سڑکیں اسلئے ٹوٹ پھو ٹ کا شکار ہیں کہ ان کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیاگیا ہے اور انکے لئے مختص فنڈ ہڑپ کئے گئے ہماری حکومت میں ایزی لوڈ کانظام نہیں تمام تقرریاں اور تبادلے میرٹ پرہورہے ہیں ہم نے اپنے صوبے میں سابق حکومت کا ایزی لوڈ کلچر ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تقرریاں میرٹ اور این ٹی ایس کے ذریعے ہورہی ہیں اور کوئی شکایت نہیں ملی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٓائی ڈی پیز کامعاملہ صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ وفاق سے تعلق رکھتا ہے گورنر اور پاک فوج اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور فوج اس بارے میں زیادہ بہتر سمجھتی ہے جن قبائلی علاقوں میں امن قائم ہو جائے گا ان میں وہاں کے متاثرین آپریشن واپس چلے جائیں گے اور اُمید ہے کہ یہ آپریشن اور آئی ڈی پیز کی مکمل واپسی کا عمل ایک سال کے اندر پورا ہو جائے گا صوبے میں بجلی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ خیبرپختونخوا اپنے استعمال سے زیادہ بجلی کے علاوہ گیس اور تیل بھی اضافی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود صوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے اس کا حق نہیں دیا جارہا انہوں نے کہاکہ صوبے میں چھ سو میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے بارہ سو میگا واٹ بجلی کے منصوبوں کے ٹینڈر بھی ہوچکے ہیں جبکہ ایک سو چھوٹے ہائیڈ ل پاور منصوبوں پر کام جاری ہے اور مزید ڈھائی سو منصوبوں پر کام عنقریب شروع ہوگا اور بجلی کی یہ سمال پراجیکٹ اگلے ڈیڑھ سال میں مکمل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بڑی عجیب بات یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں پانی سے سستی بجلی چار سے پانچ روپے فی یونٹ میں پید اہوسکتی ہے لیکن وفاقی حکومت کوئلہ، تیل و گیس اورشمشی توانائی سے مہنگی بجلی پید اکرنے پر زیادہ زور دے رہی ہے جو اٹھارہ سے بیس روپے فی یونٹ سے بھی زیادہ مہنگی پڑتی ہے انہوں نے کہاکہ اتنی مہنگی بجلی پیدا کرنا ملک دشمنی پر مبنی ہے اور ہماری آئندہ نسلوں کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح غریب عوام ہے۔

عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت بہتر کرنا ہے تاکہ غریب عوام مقابلے کی دوڑ میں خان اور وڈیرے کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری پہلے سے بہتر ہوچکی ہے دوہزار ڈاکٹروں اور پندرہ سو نرسنگ سٹاف کی بھرتی کی جارہی ہے ڈاکٹروں کے ساتھ معائدہ ہوچکا ہے۔ ہسپتالوں میں صبح آٹھ بجے سے رات دس بجے تک شفٹوں میں ڈاکٹر موجود ہوں گے اور اوپی ڈی جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کردی ہے اور بلدیات سمیت تمام اداروں کو بااختیار کیا ہے تاکہ بے ہنگم تبادلے نہ ہوں اور نہ ہی میرٹ کے خلاف کوئی کام ہو انہوں نے سابق وزیر داخلہ نصیر اللہ خان بابر کے خاندان اور میاں جمیل الدین و دیگر رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

اور کہا کہ ان بڑے خاندانوں نے پی ٹی آئی کے منشور اور صوبائی حکومت کی پالیسوں پر اعتماد کرکے سوچ سمجھ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کافیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والا دور بھی تحریک انصاف کاہے۔ انہوں نے علاقے کی ترقی کے لیے بڑے منصوبوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ میں ٹیکنکل یونیورسٹی کرائے کی عمارت میں شروع ہوچکی ہے بہت جلداس کیلئے مکمل عمارت تعمیر کی جائے گی آئندہ جنوری تک نوشہرہ قاضی میڈیکل کمپکس اور نوشہر ہ میڈیکل کالج کام شرو ع کردیں گے اور اسی طرح پورے صوبے میں ترقی کا عمل شرو ع ہوچکاہے۔

ہم صرف پشاور کی ترقی نہیں بلکہ پورے صوبے کی یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے کے لیے ایسا بلدیاتی نظام قائم کردیاکہ ہر گاؤں، قصبے اور شہر میں آئندہ تین ماہ تک صفائی مہم چلائی جائے گی اور میں خود اس کی نگرانی کروں گااور خود دیہاتوں کے دورے کروں گا۔ ہمارے غریب عوام گندگی کے ڈھیروں پر زندگی گزار رہے ہیں جس سے بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زوردیا کہ وہ ترقیاتی عمل میں غیر معیاری کام اور کمیشن وکرپشن کو روکنے میں صوبائی حکومت کابھر پور ساتھ دیں تاکہ نچلی سطح پر بھی کریشن کاخاتمہ ہوسکے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات