دہشت گردی کی لہر کو اسلام کے ساتھ نتھی کرنا یہود و ہنود کی سازش ہے‘جمعیت اہل حدیث

عالمی امن کیلئے بیرونی طاقتوں کو دہشت گردوں کی سرپرستی چھوڑنا ہو گی ‘عبدالستار/میاں محمود عباس اور مولانا مبشر احمد مدنی کا خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبدالستار حامد، میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب، مولانا مبشر احمد مدنی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لہر کو اسلام کے ساتھ نتھی کرنا یہود و ہنود کی سازش ہے اور یہ عالمی طاقتوں کی ظالمانہ اور نا انصافی پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عالمی خطے میں امن کا راستہ فلسطین اور کشمیر سے ہو کر آتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ذمہ داران و کارکنان سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے بیرونی طاقتوں کو دہشت گردوں کی سرپرستی چھوڑنا ہو گی۔ اسلام سلامتی کا دین اور انسانیت کا محافظ اور امن کا علمبردار ہے جبکہ دہشت گردی اہل کفر کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفاذِ اسلام پاکستان کا مقدر ہے اور اسی میں تمام قومی مسائل کا حل موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت ٹھوس اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔