چہلم حضرت امام حسین کے لیے سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے

اتوار 29 نومبر 2015 17:42

راولپنڈی۔29نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 نومبر۔2015ء)راولپنڈی پولیس ضلعی انتظامیہ نے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق 3دسمبر کو محرم الحرام کے چہلم کے جلوسوں کی سخت ترین سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔سیکورٹی انتظامات کے تحت 10ہزار اہلکار چہلم شہدائے کربلاء کے جلوسوں کی سیکورٹی پر متعین ہوں گے جبکہ ماتمی جلوس کے تمام راستوں کی چھتوں ،گھروں ،پلازوں کی بالکونیوں میں کھڑے ہونے ،اسلحہ لہرانے ،آتش بازی کرنے کی ممانعت ہو گی ۔

کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز ،سپیشل برانچ کی اضافی نفری ،ایلیٹ فورس ،پنجاب کانسٹیبلری ،لیڈی پولیس اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران بھی سیکورٹی کا حصہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

چہلم کے جلوسوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جلوس سے قبل جلوس کے راستوں کی خصوصی چیکنگ کے انتظامات بھی کیے جائیں گے جبکہ مجالس کے انٹری پوائنٹس پرواک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے اور ماتمی جلوس کے شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ساتھ جانچ پڑتال کی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے بھی چہلم شہدائے کربلاء کے موقع پر ٹریفک کی روانی کے لیے جامع پلان ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کے متبادل روٹس وضع کیے گئے ہیں ۔چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو کہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہو گا ۔