پاکستان کے لوگ بہت مہمان نوازہیں،گورنرسندھ

پاکستان اور آسٹریلیا کے مہمان نوازی کے اداروں کے درمیان نوجوانوں کے تربیت دینے کی پارٹنر شپ بہت اہم ہے،آسٹریلین ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن

اتوار 29 نومبر 2015 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء)گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان نے کہاہے کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نوازہیں لیکن ’’اسکلزٹن‘‘(Skillston)نامی ادارے نے مہمان نوازی اور ہوٹل منیجمنٹ کے شعبے میں پاکستان کے نوجوانوں کو جدید تربیت دے کر ہماری روایتی مہمان نوازی کی قدر میں اضافہ کیا ہے۔وہ گزشتہ روزگورنرہاؤس میں اسکلزٹن کے گریجویٹ طلباء میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے آسٹریلیاکی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن اوراسکلزٹن کے چیف ایگزیکٹوآفیسرافضال احمدصدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پراسکلزٹن اورآسٹریلیا کے ادارے ہنٹرٹیف کے درمیان طلباء کے تبادلے کے پروگرامزکے معاہدے بھی دستخط ہوئے۔معاہدے پرآسٹریلیاکی ہائی کمشنراور اسکلزٹن کے محمدامین نے دستخط کیئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ہوٹل مینجمنٹ اور دیگرشعبوں کی ممتازشخصیات کو خصوصی ایوارڈزبھی دیئے گئے۔

گورنرسندھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہوٹل مینجمنٹ اور مہمان نوازی کے شعبے میں نوجوانوں کوتربیت دینے کی ضرورت تھی کیونکہ یہ شعبہ عالمی سطح پربہت ترقی کررہاہے اور اس شعبے میں نواجوانوں کے لیے روزگار کے بہت مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسکلزٹن پاکستان کا پہلا ادارہ ہے،جیسے نیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی جانب سے مہمان نوازی کا اے گریڈ کا واحد ادارہ قرار دیا گیا ہے اور یہ پہلا ادارہ ہے جس نے آسٹریلیا کے ادارے کے ساتھ طلباء کے تبادلے کا پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس ادارے کے تربیت یافتہ نوجوان اپنے شعبے میں بہت کامیابیاں حاصل کریں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ تعلیم ہماری قوم کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ دنیا اس قدر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ اگر ہم نے تعلیم حاصل نہ کی تو ہم نہ صرف ہیچھے رہ جائیں گے بلکے ہمارا وجود مٹ جائے گا۔

آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مہمان نوازی کے اداروں کے درمیان نوجوانوں کے تربیت دینے کی پارٹنر شپ بہت اہم ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ دونوں ملکوں کے دیگر شعبوں کے اداروں کے درمیان بھی اس طرح کی پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل منیجمنٹ اور مہمان نوازی کی صنعت میں 15 لاکھ نئی اسامیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بڑے مواقع ہیں۔اسکلزٹن اس شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔