افغانستان کا سرحدی معاملات سمیت دیگر اہم ایشوز پر پاکستان سے مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ

افغان صدر اشرف غنی کل) پیرس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے

اتوار 29 نومبر 2015 17:05

اسلام آباد /پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) افغانستان نے سرحدی معاملات سمیت دیگر اہم ایشوز پر پاکستان سے مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ افغان صدر اشرف غنی (کل) پیر کو پیرس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی‘ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی‘ اے این پی کے نائب صدر افراسیاب خٹک اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک افغان تعلقات اور افغانستان کے تحفظات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق افغانستان نے پاکستان سے مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں افغان صدر اشرف غنی اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان (کل) پیر کو پیرس میں ملاقات کا امکان ہے۔