غریبوں کے حقوق کا ترجمان میاں مصور احمد ن لیگی حمایت یافتہ امیدوار کے حق میں دستبردرار۔

دستبرداری کا اعلان ایم پی اے حلقہ پی پی 82 اعظم چیلہ اور سابق ایم این اے صا حبزادہ محبوب سلطان کی آمد پر کیا گیا۔

Zeeshan Haider ذیشان حیدر اتوار 29 نومبر 2015 16:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 نومبر۔2015ء)ضلع جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے وارڈ نمبر 04سے آزاد امیدواربرائے جنرل کونسلر میاں مصور احمد نے گزشتہ روز بستی دربار اٹھارہ ہزاری میں منعقد تقریب میں الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے لیگی حمایت یافتہ امیدوار مخدوم میاں حاجی ریاض کی حمایت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر مقامی ایم پی اے میاں اعظم چیلہ ،سابق ایم این اے صاحبزادہ محبوب سلطان اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وارڈ میں ایک ہی برادری سے تعلق رکھنے والے چار امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل تھے لیکن سیاسی جوڑتوڑ کی وجہ سے باقی امیدوار وں کی تعداد نصف رہ گئی ہے،میاں مصور احمد کی دستبرداری کے بعد عوام میں مایوسی کی لہر پھیل گئی ہے۔

(جاری ہے)

عوام میں یہ تجسس پایا جاتا ہے کہ ماضی میں جبوآنہ گروپ کے وفادار ساتھی اپنے سیاسی مخالف چیلہ گروپ میں کیسے شامل ہو گئے؟۔

عوامی حلقوں کی جانب سے اس قدم کو نا پسند کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق نوجوان امیدوار مخدوم صغیر احمد نے مقامی دربار کے سجادہ نشین مخدوم شہباز احمد کے حق میں دستبر داری کا اعلان کر دیا ۔پانچ دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں اس وارڈ میں کانٹے دار مقابلہ ہو گا کیونکہ حاجی ریاض احمد کو چیلہ اور صاحبزادہ گروپ جبکہ مخدوم شہباز احمد کو جبوآنہ گروپ اور موجودہ ایم این اے نجف عباس سیال گروپ کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ مخدوم شہبازکو گزشتہ تمام الیکشن میں میاں اعظم گروپ کی طرف سے حمایت حاصل تھی لیکن 2013کے الیکشن میں اختلافات کی وجہ سے انہوں نے نجف سیال گروپ میں شمولیت اختیار کر لی اور میاں مصوراحمد نے اپنے دیرینہ ساتھی نواب غضنفر جبوآنہ کی وفات کے بعد جبوآنہ گروپ سے کنارہ کشی کر نے کے ساتھ ساتھ آزادحیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔