60 سال بعد پہلی مرتبہ لوکل باڈیز سسٹم اسلام آباد میں متعارف کرایا گیا ہے جس کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) بالخصوص وزیراعظم محمد نوازشریف کو جاتا ہے۔

اسلام آباد کی یونین کونسل 30 سے چیئرمین کے امیدوار سید ظفر علی شاہ کا ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 نومبر۔2015ء“ کو انٹرویو

اتوار 29 نومبر 2015 15:02

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخ کے پہلی بار متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نظام سے سی ڈی اے ملازمین کے سروس اور مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، لوکل باڈیز، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرینگے۔

دارالحکومت اسلام آباد کی یونین کونسل 30 سے چیئرمین کے امیدوار سید ظفر علی شاہ نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ 60 سال بعد پہلی مرتبہ لوکل باڈیز سسٹم اسلام آباد میں متعارف کرایا گیا ہے جس کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) بالخصوص وزیراعظم محمد نوازشریف کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کے انبار ہیں، سرکاری ملازم طبقہ گوناگوں شہری مسائل سے دوچار ہے۔

چیلنج ضرور ہیں لیکن اتنے خوفناک بھی نہیں کہ انہیں حل نہ کیا جا سکے۔ عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو وفاقی دارالحکومت جو پوری دنیا کے سامنے ملک کا عکس ہوتا ہے کو مثالی دارالحکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت ہو یا پانی، گیس اور بجلی کے مسائل، سینی ٹیشن اور انوائرمنٹ کے مسائل ہوں یا گلیوں فٹ پاتھوں کی پختگی کے مسائل جمہوری، سیاسی ورکر ہونے کے ناطے قومی اور مقامی سطحوں پر ان مسائل کے حل کیلئے کوششیں کرینگے اور یہاں کے مکینوں کو ان کا وقار دلائیں گے۔

سید ظفر علی شاہ جو سینئر قانون دان بھی ہیں نے کہا کہ لوکل باڈیز کے حوالے سے سی ڈی اے ملازمین کو ایک خوف کی فضاء ضرور لاحق ہے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ نہ ہی لوکل گورنمنٹ کا مقصد سی ڈی اے کے ملازمین کو نقصان پہنچانا اور ان کے مفادات پر گزند لگانا ہے بلکہ لوکل گورنمنٹ، میٹرو پولیٹن اور سی ڈی اے اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر اسی طرح کام کرینگے جس طرح دیگر بڑے شہروں میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیاں کام کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء کی وساطت سے وفاقی حکومت سے ایک ماطلبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دینے والا سب سے بڑا طبقہ وفاقی سرکاری ملازمین کا ہے اس لئے 30 نومبر کو انتخابات کے موقع پر عام تعطیل ہونی چاہئے تاکہ سب لوگ اپنا قیمتی حق استعمال کر سکیں۔ سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا کہ کامیاب ہوئے تو بڑے بڑے دعوے تو نہیں شہریوں کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑیں گے اور دارالحکومت اسلام آباد کو صحیح معنوں میں مثالی دارالحکومت بنائیں گے۔