غداری کیس ٗ فیصلے پر نظر ثانی کیلئے وفاقی حکومت نے عدالت میں پٹیشن دائر کر دی

ان جملوں کو حذف کردیں جس میں حکومت کو مذکورہ مقدمے میں ناقص تحقیقات اور حقائق کو چھپانے کا ذمہ دار قرار دیا گیاٗ درخواست میں موقف

اتوار 29 نومبر 2015 13:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف غداری کیس میں جاری فیصلے پر نظر ثانی کیلئے وفاقی حکومت نے عدالت میں پٹیشن جمع کروا دی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے اے جی) افنان کریم کنڈی کی جانب سے دائر کی جانے والی نظر ثانی پٹیشن میں حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کیس کی دوبارہ تحقیقات کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کی اس خواہش کو گذشتہ تحقیقات کے ناقص ہونے کے اعتراف کے طور پر لیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے کیس کی دوبارہ تحقیقات میں رضامندی کا اظہار نیک نیتی سے کیا تھا تاکہ خصوصی عدالت کے فیصلے میں انصاف کے مفاد میں موجود قانونی خامیوں کو بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

پٹیشن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور ان جملوں کو حذف کردیں جس میں وفاقی حکومت کو مذکورہ مقدمے میں ناقص تحقیقات اور حقائق کو چھپانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے پٹیشن کا ابتدائی معائنہ کرنے کے بعد اسے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ جو جسٹس نور الحق ایں ڈ قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ہے، کی عدالت میں منگل کے روز سماعت کے لیے پیش کردیا ۔

متعلقہ عنوان :